55 سالہ فرنچ اسپائیڈرمین نے 614 فٹ اونچی عمارت ایک گھنٹے میں سر کرلی

ایلن رابرٹ اس سے قبل برج الخلیفہ اور ایفل ٹاور سمیت کئی عمارتوں کو سر کرچکے ہیں

ایلن رابرٹ اس سے قبل برج الخلیفہ اور ایفل ٹاور سمیت کئی عمارتوں کو سر کرچکے ہیں، فوٹو: ڈیلی میل

ISLAMABAD:
فرانسیسی اسپائیڈر مین کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے 55 سالہ شخص نے 48 منزلہ عمارت کو صرف 1 گھنٹے میں سر کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 'فرنچ اسپائیڈر مین' کے نام سے شہرت رکھنے والے 55 سالہ ایلن رابرٹ نے فرانس کی چوتھی بڑی اونچی عمارت ' ٹوٹل بلڈنگ' کو صرف ایک گھنٹے کے اندر عبور کر کے سب کو حیران کردیا۔



ایلن رابرٹ نے 187 میٹر اونچی اس عمارت کو محض ایک مخصوص جوتے اور چاک کی مدد سے سر کیا۔ سیکڑوں افراد نے یہ منظر دیکھا اور وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچادی۔




ایلن رابرٹ 11 برس کی عمر سے بلند عمارتوں کو سر کرنے کی مہم کے دلدادہ ہیں اور 55 سال کی عمر میں بھی اُن کی ہمت اور جواں مردی میں کمی واقع نہیں ہوئی۔ ایلن رابرٹ اس سے قبل دبئی، پیرس اور دیگر ممالک کی بھی کئی اونچی عمارتوں پر چڑھنے کی مہارت دکھا چکے ہیں جن میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ، ایفل ٹاور، سڈنی اوپیرا ہاؤس بھی شامل ہیں۔



واضح رہے کہ ایلن رابرٹ کو عمارتوں پر چڑھنے کے لیے خطرہ مول لینے اور سرکاری اجازت نامہ حاصل نہ کرنے پر پولیس کی جانب سے گرفتار کیا جا چکا ہے تاہم یہ گرفتاریاں بھی ان کے شوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں۔



ایلن رابرٹ کا کہنا ہے کہ جب تک خود کو فٹ محسوس کرتا ہوں عمارتیں سر کرتا رہوں گا یہ میرا شوق ہی نہیں جنون بھی ہے۔
Load Next Story