189 سابق ارکان اسمبلی میں سے 101 نے ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرائی

40 سابق ارکان اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے اپنی ڈگریاں تصدیق کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو پیش ہی نہیں کیں۔

80 سابق ارکان پارلیمنٹ کی تعلیمی اسناد درست ثابت ہوئی ہیں. فوٹو: اے پی پی

ISLAMABAD:
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق 189 سابق ارکان پارلیمنٹ میں سے 101 ارکان اسمبلی کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرائی۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق 80 سابق ارکان پارلیمنٹ کی تعلیمی اسناد درست ثابت جبکہ 101 ارکان نے اپنی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرائی۔ ان میں سے 40 سابق ارکان اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے اپنی ڈگریاں تصدیق کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو پیش ہی نہیں کیں جبکہ دیگر کی ڈگریاں یا تو جعلی ہیں یا مشکوک۔


ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاوید لغاری کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے کا کام صرف ڈگریوں کی تصدیق ہے، کسی بھی شخص کو نااہل قرار دینا ان کے ادارے کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئے امیدوار جو اپنی ڈگریوں کی تصدیق کرانا چاہتے ہیں ان کے لئے ہفتہ اور اتوار کو بھی ایچ ای سی کے دفاتر کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق نہ کرانے والے 189 سابق ارکان اسمبلی کو ڈگریوں کی تصدیق کے لئے 5 اپریل تک کا وقت دیا گیا تھااور کہا گیا تھا کہ مقررہ وقت پر جن سابق ارکان اسمبلی نے اپنی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرائی ان کی تعلیمی اسناد جعلی تصور کی جائیں گی۔
Load Next Story