شیخ رشید کیخلاف انتخابی عذرداری کیس کا فیصلہ محفوظ

اگر كسی نے كاغذات نامزدگی میں اثاثہ ظاہر نہیں كیا اور وہ ثابت ہوجائے تو وہ نااہل ہوجائے گا، سپریم کورٹ

فیصلہ مناسب وقت پر سنایا جائے گا،سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے عوامی مسلم لیگ كے سربراہ شیخ رشید احمد كے خلاف انتخابی عذرداری كی سماعت مكمل كرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹس شیخ عظمت سعید كی سربراہی میں تین ركنی بینچ نے شیخ رشید كے خلاف مسلم لیگ (ن) كے شكیل اعوان كے انتخابی عذرداری کیس میں آبزرویشن دی كہ فیصلہ مناسب وقت پر صادر كردیا جائے گا۔

كسی نے كاغذات نامزدگی میں اثاثہ ظاہر نہیں كیا تو وہ نااہل ہوجائے گا


جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے آبزرویشن دی كہ كیا غلطی كرنے پر امیدوار نااہل ہوگا، كیا اس كا اطلاق سب پر ہوگا، جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریماركس دیئے كہ اگر كسی نے كاغذات نامزدگی میں اثاثہ ظاہر نہیں كیا اور وہ ثابت ہوجائے تو وہ نااہل ہوجائے گا۔

دوران سماعت شكیل اعوان كے وكیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا كہ شیخ رشید نے این اے 55 كے الیكشن كے لئے جمع كئے گئے كاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے، پٹواری كے ریكارڈ میں شیخ رشید احمد 1081 كینال زمین كے مالك ہے لیكن كاغذات نامزدگی میں 983 كنال سترہ مرلے ظاہر كی گئی۔

شیخ رشید نے 4 كروڑ 80 لاكھ كے گھر كو ایك كروڑ دو لاكھ ظاہر كیا


جسٹس قاضی فائز عیسی نے وكیل سے استفسار كیا كہ كیا آپ نے شیخ رشید كو نااہل كرنے كی استدعا كی ہے، جس پر وكیل كا كہنا تھا كہ شیخ رشید نے اثاثے چھپائے اس پر نااہلی ہی بنتی ہے شیخ رشید نے 4 كروڑ 80 لاكھ كے گھر كو ایك كروڑ دو لاكھ ظاہر كیا اورذرائع آمدن میں كرایہ اور بینک منافع لكھا ہے ،شیخ رشید كے بینك اكائونٹس كی رقم ظاہر كیے گئے منافع سے مطابقت نہیں ركھتی۔

اگرغلطی كو سختی سے نمٹا گیا تو شیخ رشید آؤٹ ہو جائیں گے


جسٹس شیخ عظمت سعید نے كہاكہ كیا پانامہ كیس میں كسی نے غلطی تسلیم نہیں كی تھی، اگرغلطی كو سختی سے نمٹا گیا تو شیخ رشید آؤٹ ہو جائیں گے۔ جسٹس فائز عیسی نے سوال كیاكہ كیا پانامہ لیكس كیس كے فیصلے میں وضع كردہ اصولوں كا اطلاق سب پر نہیں ہوگا۔

شیخ رشید كے وكیل رشید اعوان نے كہا كہ ان كے مؤكل نے كوئی اثاثہ نہیں چھپایا اس لئے اس پر پانامہ لیكس كیس كے فیصلے كا اطلاق نہیں ہوتا۔ ان كے موكل اتنی ہی زمین كے مالك ہیں، جو انھوں نے كاغذات نامزدگی میں ظاہر كی ہے ،زمین مختلف اوقات میں قطعات كی صورت میں خریدی گئی ،جمع و تفریق میں غلطی ہوگئی۔انھوں نے كہا كہ ہائوسنگ سوسائٹی كے گھر كی خریداری كے لئے ایك كروڑ روپیہ نقد ادا كیاگیا اور باقی كے لئے پندرہ كینال زمین دیدی گئی۔عدالت نے دونوں فریقین كے دلائل سننے كے بعد فیصلہ محفوظ كرلیا۔

واضح رہے كہ شكیل اعوان نے این اے 55راولپنڈی سے شیخ رشید كی كامیابی كو چیلنج كرتے ہوئے الیكشن ٹربیونل میں درخواست دائر كی تھی لیكن ٹربیونل نے تكنیكی بنیادوں پر الیكشن پٹیشن خارج كی تھی۔الیكشن ٹربیونل كے فیصلے كو سپریم كورٹ میں چیلنج كا گیا تھا۔
Load Next Story