ایاز پلیجو پر اعتراضات ریٹرننگ افسر آج فیصلہ سنائیں گے

قوم پرست رہنما پر زمین اور دیگر جائیداد کی تفصیلات،دستاویزات جمع نہ کرانے کا الزام

محبوب ابڑو کیخلاف اعتراض پر درخواست گزار کو ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

قاسم آباد پر مشتمل سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس47 کے ریٹرننگ آفیسر و فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اجلال حیدر میمن قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو کے کاغذات نامزدگی پر داخل کردہ اعتراضات پر آج (اتوار) فیصلہ سنائیں گے جبکہ محبوب علی ابڑو کے خلاف اعتراض کو نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن اپیلٹ ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایاز لطیف پلیجوکیخلاف ان کے مدمقابل امیدوار محبوب ابڑو نے 3 اعتراضات داخل کیے ہیں، پہلا اعتراض جائیداد اور اس کی مالیت سے متعلق تفصیلات پر ہے کہ ایاز لطیف پلیجو نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرائی گئی جائیداد اور زمین کی تفصیلات میں تحریر کیا ہے کہ ان کی ملکیت میں 14 ایکڑ زمین، 22 پلاٹس، گھر، فلیٹ اور دکانیں ہیں لیکن کسی بھی جائیداد کے کاغذات جمع نہیں کرائے جبکہ انھوں نے اپنی جائیداد کی جو مالیت تحریر کی ہے وہ بھی غلط ہے جو غلط بیانی کی مترادف ہے، دوسرے اعتراض میں انھوں نے نشاندہی کی ہے ایاز لطیف پلیجو حیسکو کے مجموعی طور پر 19ہزار 493 روپے کے نادہندہ ہیں جبکہ انکے والد رسول بخش پلیجو بھی بجلی کے بل کی ادائیگی کے حوالے سے حیسکو کے مجموعی طور پر 2 لاکھ، 31 ہزار 463 روپے کے نادہندہ ہیں۔

 




تیسرا اعتراض یہ کیا ہے کہ انھوں نے اپنے بنگلے کے ساتھ واقع پبلک پارک کے پلاٹ پر50 فٹ قبضہ کرنے کے بعد اس پر اپنا دفتر تعمیر کر لیا ہے جو تجاوزات کے زمرے میں آتا ہے۔ محبوب علی ابڑو نے ریٹرننگ آفیسر سے استدعا کی ہے کہ ایاز پلیجو کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ طلبی کے بعد ایاز لطیف پلیجو ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے جس دوران ان کے مخالف امیدوار محبوب علی ابڑو نے ان پر لگائیگئے الزامات اور اعتراضات دہرائے، جس پر عدالت نے ایاز پلیجو سے اعتراضات سے متعلق جواب طلب کیا اور بعدازاں سماعت اتوار تک کے لیے ملتوی کردی، امید ہے کہ ریٹرننگ آفیسر ان اعتراضات پر آج فیصلہ سنائیں گے۔

دوسری جانب فاضل ریٹرننگ آفیسر نے اعتراض داخل کرنے والے محبوب علی ابڑو کے خلاف زمان زئنور ایڈوکیٹ کی جانب سے بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے سے متعلق لگائے گئے الزامات اور اعتراض کی سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن اپیلٹ ٹریبونل میں اعتراض داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ محبوب ابڑو کے کاغذات نامزدگی پہلے ہی منظور کیے جاچکے ہیںجس کے پیش نظراب اعتراضات کو نہیں سنا جاسکتا، اس لیے درخواست گزار کو اگر کاغذات نامزدگی کی منظوری پر کوئی اعتراض ہے تو وہ الیکشن اپیلٹ ٹریبونل سے رجوع کرے۔
Load Next Story