ٹرمپ نے مک ماسٹر کی جگہ جان بولٹن کو مشیر قومی سلامتی مقرر کردیا

ٹرمپ کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی تازہ لہر امریکی صدر کی جارحانہ پالیسی کا مظہر ہے

جان بولٹن اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکا کے سفیر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشیرِ قومی سلامتی ایچ آر مک ماسٹر کی جگہ سابق سفیر جان بولٹن کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر مک ماسٹر کی جگہ جان بولٹن کو مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے جو اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی سفیر متعین تھے اور آج کل ایک بین الااقوامی نشریاتی ادارے سے بطور تجزیہ کار منسلک ہیں۔

مشیر قومی سلامتی کی برطرفی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ''میں جنرل ایچ آر مک ماسٹر کی خدمات پر اُن کا مشکور ہوں، جنہوں نے بہترین کام کیا اور وہ ہمیشہ میرے دوست رہیں گے۔''




اقوام متحدہ میں بطور سفیر جان بولٹن روس کے خلاف سخت موقف رکھنے، ایران اور شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کے حامی اور اپنے جارحانہ اور سخت گیر لہجے کے حامل قدامت پسند شخص کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ جان بولٹن کی تعیناتی کو تجزیہ کار ٹرمپ کی جارحانہ پالیسی کا مظہر قرار دے رہے ہیں جس سے خطے پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے معاشی جنگ کو پسندیدہ قرار دینے کے بیان کے بعد سے ٹرمپ کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کا عمل جاری ہے۔ مشیرِ تجارت کے استعفیٰ اور وزیر خارجہ کو عہدے سے ہٹانے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف بی آئی کی ریٹائرمنٹ سے چند دن قبل برطرفی کے بعد اب قومی مشیر سلامتی کے امیدوار کے طور پر سخت گیر جان بولٹن کی تقرری امریکی پالیسی میں تیزی سے تبدیل ہوتی صورت حال کو واضح کررہی ہے۔
Load Next Story