الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی ابتدائی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرلیا

کل سے 10 اپریل تک مسترد ہونے والے امیدوار اپیل کرسکیں گے، امیدواروں کی اپیلوں پر 17 اپریل سے سماعت شروع کی جائے گی۔

کل سے 10 اپریل تک مسترد ہونے والے امیدوار اپیل کرسکیں گے۔ فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی ابتدائی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرکے کاغذات واپس ریٹرنگ افسران کو بھجوا دیئے ہیں۔

ملک بھر سے الیکشن کمیشن کو 24 ہزار 94 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے تھے جن کی ابتدائی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد کمیشن نے تمام کاغذات نامزدگی واپس ریٹرننگ افسروں کو بھجوا دیئے ہیں۔


الیکشن کمیشن نے ایف بی آر، نیب اور اسٹیٹ بینک کو امیدواروں کی اسکروٹنی کے تمام اعدادوشمار ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 48 گھنٹے میں تمام امیدواروں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی جائیں، کل سے 10 اپریل تک مسترد ہونے والے امیدوار اپیل کرسکیں گے جبکہ امیدواروں کی اپیلوں پر 17 اپریل سے سماعت شروع کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن محمد افضل نے کہا کہ اسکروٹنی کا عمل انتخابات کے بعد بھی جاری رہے گا، کاغذات نامزدگی منظور ہونے اور انتخابات جیتنے کے بعد بھی دھوکہ دینے والے امیدوار کو نااہل قرار دے دیا جائے گا جبکہ امیدواروں کے مالی گوشواروں کا جائزہ لینے کے لیے ایف بی آر کے افسر جنید اکرم کی خدمات مانگی گئیں ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story