بیوی کی ڈانٹ سے بچنا ہے۔۔۔۔ تو ’’ٹوـ ڈو ٹیٹو‘‘ لے آئیں

گھر کا سودا سلف لاتے ہوئے وہ کوئی نہ کوئی چیز بھول آتے ہیں۔

گھر کا سودا سلف لاتے ہوئے وہ کوئی نہ کوئی چیز بھول آتے ہیں۔فوٹو : فائل

''شیمپو تو مجھے نظر ہی نہیں آرہا '' بیوی نے میز پر پڑے ہوئے سامان کو الٹتے پلٹتے ہوئے کہا۔ دفتر میں دن بھر مغز ماری کرنے کے بعد شوہر تھکاماندہ گھر پہنچا تھا۔

قبل اس کے کہ وہ ہاتھ منھ دھولینے کے بعد دو گھڑی آرام کرپاتا، بیوی نے اس کے ہاتھ میں سودا سلف کی فہرست تھمادی تھی کہ جاؤ لے آؤ۔ تھکن کا عذر پیش کرکے کچھ مہلت چاہی تو جواب ملا کہ ہانڈی بنانے کے لیے دیر ہورہی ہے، فوراً سبزی اور دوسری چیزیں لے آؤ۔ مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق شوہر بے بسی سے ہاتھ میں تھمائی گئی فہرست کو دیکھتے ہوئے اٹھا، کھونٹی پر ٹنگا ہوا کپڑے کا تھیلا اتارا اور چپلیں پہن کر باہر نکل گیا۔


''آپ سے کہا بھی تھا کہ دھیان سے ساری چیزیں لے کر آئیے گا، مگر آپ کی توجہ تو کہیں اور ہی ہوتی ہے۔ ہر بار کوئی نہ کوئی چیز رہ جاتی ہے۔ اب جائیں جاکر شیمپو لے کر آئیں۔ ہانڈی بنانے کے بعد مجھے بال دھونے ہیں۔''، ''ارے بھئی بیگم! جیب سے پیسے نکالتے ہوئے تمھاری دی گئی فہرست کہیں گرگئی تھی، اس لیے ساری چیزیں نہیں آسکیں۔ تھوڑا سا آرام کرلوں پھر چلاجاتا ہوں۔''،''آپ آرام کرنے بیٹھ گئے تو پھر اٹھنے والے نہیں۔۔۔۔۔ پہلے شیمپو لے آئیں پھر لمبی تان کو سوجائیے گا۔''

اس صورت حال سے اکثر شوہر دوچار ہوتے ہیں۔ گھر کا سودا سلف لاتے ہوئے وہ کوئی نہ کوئی چیز بھول آتے ہیں۔ بعض اوقات ان سے سامان کی فہرست کھوجاتی ہے، جس کے نتیجے میں بیوی کی صلواتیں سُننی پڑتی ہیں۔ بیوی کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے ایک غیرملکی کمپنی نےto-do tattoo پیش کیا ہے۔ یہ دراصل خصوصی مادّے سے بنے شفاف پلاسٹک پر چھپی خالی فہرست ہوتی ہے۔

جو اشیاء خریدی جانی ہیں، اس فہرست پر ان کے نام لکھ دیے جاتے ہیں اور پھر اسے ہتھیلی پر چپکا لیا جاتا ہے۔ چند سیکنڈ کے بعد جب اسے ہتھیلی پر سے اتارتے ہیں تو فہرست پر لکھی ہوئی تحریر ہتھیلی پر منتقل ہوچکی ہوتی ہے۔ پانی سے دھونے پر یہ تحریر صاف ہوجاتی ہے۔ ''ٹو ڈو ٹیٹو'' سے شوہروں کی جان سودے سلف کی فہرست سے چُھوٹ جائے گی۔ انھیں اس کے گُم ہونے اور بیوی سے ڈانٹ کھانے کی فکر نہیں رہے گی۔ بس تو پھر آن لائن یہ ٹیٹو خریدلیں اور کام میں لائیں۔
Load Next Story