نیب کو چیلنج کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں کسی کو پکڑسکتی ہے تو پکڑے عمران خان

راولپنڈی اور اسلام آباد میٹرو منصوبے میں کرپشن اور بے ضابطگیاں سامنے آئیں ہیں، عمران خان

راولپنڈی اور اسلام آباد میٹرو منصوبے میں کرپشن اور بے ضابطگیاں سامنے آئیں ہیں، عمران خان۔ فوٹوفائل

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب کو چیلنج کرتا ہوں کہ خیبرپختون خوا میں کرپشن پر کسی کو پکڑسکتی ہے تو پکڑ کر دکھائے۔

مانسہرہ میں ممبر سازی مہم کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام سے مل کر مافیا کو شکست دیں گے، نوازشریف کہتے پھررہے ہیں مجھے کیوں نکالا، نوازشریف نے ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا اس لیے نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ چوری کرکے باہر بھاگا ہوا ہے، ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بڑے بڑے محلات خریدے گئے اور حکمرانوں کے بچے ارب پتی بن گئے تاہم آئندہ انتخابات میں فیصلہ ہو گا کہ کرپٹ نظام چلے گا یا نیا پاکستان بنے گا۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہر شہر کو لاہور بنا دوں گا، شہباز شریف جتنی رقم لاہور پر ہر سال خرچ کرتے ہیں، اتنا تو پورے خیبر پختونخوا کا سالانہ بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 5 سال میں غربت آدھی ختم ہوگئی، صوبے میں پولیس، اسپتالوں اور بلدیات کا نظام بہتر ہے جب کہ نیب کو چیلنج کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں کسی کو پکڑ سکتی ہے تو پکڑے۔


اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کا کہنا تھا کہ آڈٹ میں راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو منصوبے میں کرپشن اور بے ضابطگیاں سامنے آئیں، آڈٹ اعتراضات کے باوجود اسپیشل ڈیپارٹمنٹل کمیٹی نے بہت سے کیسز جبراً دبا دیے۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں "گڈ گورننس" کی حقیقت سمجھنے کے لیے یہ کافی ہے، پنجاب حکومت کے جس بھی منصوبے کو ہاتھ لگائیں وہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ملے گا۔

Load Next Story