کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش

کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

بارش شروع ہوتے ہی شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثرہوئی، فوٹو آئی این پی

کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جع ہوگیا جب کہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

کراچی میں صبح تیز بارش کا سلسہ شروع ہوا جو وقفے سے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا ، بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کے 70 فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جن علاقوں کی بجلی معطل ہوئی ان میں گلشن اقبال، پی آئی بی، لیاقت آباد، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، گلستان جوہر اورمچھر کالونی کے علاقے شامل تھے جب کہ شہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثرہوئی۔


حیدرآباد سمیت ٹھٹھہ، جام شورو، نواب شاہ، قاضی احمد سمیت دیگر شہروں میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھاربارش سے موسم خوشگوارہوگیا جب کہ حیدرآباد میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ جھکڑچلنے سے متعدد درخت اورسائن بورڈ اکھڑگئے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش شروع ہوتے ہی اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، حیسکو ترجمان کا کہنا تھا بجلی احتیاطاً بند کی گئی جو بارش کم ہونے پربحال کردی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے شہر میں آئندہ 12 سے 18 گھنٹے تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کل اندورن سندھ میں کہیں کہیں جبکہ اسلام آباد ، پنجاب ، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story