سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر احمد شہزاد پر مہربان

پی ایس ایل میں واجبی پرفارمنس کے باوجود قومی اسکواڈ میں شامل ، حفیظ نظرانداز

پی ایس ایل میں واجبی پرفارمنس کے باوجود قومی اسکواڈ میں شامل ، حفیظ نظرانداز۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی احمد شہزاد پرایک بار پھرمہربان ہوگئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹیوں کے فیصلے ہمیشہ تنقید کی زد میں رہتے ہیں،گزشتہ روز بھی ویسٹ انڈیزکے دورئہ پاکستان کے حوالے سے انضمام الحق کی سربراہی پر قائم سلیکشن کمیٹی نے جن 15رکنی کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے اس پر بھی اعتراضات اٹھنا شروع ہو گئے، سب سے بڑا سوالیہ نشان اوپنر احمد شہزاد کی ٹیم پر شمولیت پر اٹھایا جا رہا ہے۔


حال ہی میں ختم ہونے والی پی ایس ایل میں احمد شہزاد نے ملتان سلطانزکی نمائندگی کی اور وہ 173 رنز کے ساتھ 20ویں نمبر پر رہے، لیگ کے10 میچزکے دوران ان کی کارکردگی انتہائی معمولی رہی، ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 38 رہا جبکہ 4میچز میں تواوپنر ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، لیگ کے دوران احمد شہزاد نے بالترتیب 3، 24، 32، 1، 37، 27، 11،38 اور صفر رنز بنائے۔

لیگ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈکے رونکی 435 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل 425 رنز کے ساتھ دوسرے، کراچی کنگزکے بابر اعظم402 رنز بنا کر تیسرے، کراچی کنگز کے ڈینیلی323 رنز جوڑکرچوتھے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے واٹسن 319 رنز کے ہمراہ پانچویں، پشاور زلمی کے محمد حفیظ 298 رنز کے ساتھ چھٹے، لاہور قلندرز کے فخر زمان277رنز کے ساتھ ساتویں، ملتان سلطانز کے سنگاکارا 269 رنز کے ساتھ آٹھویں، پشاور زلمی کے اسمتھ 252رنز کے ساتھ نویں، پشاور زلمی کے ڈومینی 251 رنز کے ساتھ دسویں نمبر پر رہے۔

اسی طرح مجموعی اسکور کے اعتبار سے انگرام، شعیب ملک، سرفراز احمد، میک کولم، آصف علی، صہیب مقصود، حسین طلعت، روسو اور ڈیوچ بھی احمد شہزاد سے آگے رہے۔
Load Next Story