پنجاب میں درآمد غذائی اشیا پر اردو اور انگریزی کے سوا دیگر تحریروں پر پابندی
امپورٹرز کو 31 مئی کی ڈیڈ لائن، رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد سخت کارروائی کریں گے، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی کھانے پینے کی اشیا پر اردو اور انگریزی کے سوا دیگر زبانوں میں ہدایات تحریر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق امپورٹ (درآمد) کی گئی کھانے پینے کی اشیا کے ڈبوں اور پیکنگ پر اردو اور انگریزی زبان میں ہدایات کے لیبل لگانے ہوں گے، کسی اور زبان میں تحریر کردہ لیبل قابل قبول نہیں ہوں گے۔ درآمد کی گئی اشیاء کا حلال سرٹیفکیٹ، لیبل پر حلال کی تصدیقی مہر کا ہونا لازم ہوگا جبکہ اردو اور انگریزی کے سوا دیگر کسی بھی زبان میں لیبل لگی اشیائے خوردو نوش کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ اس حوالے سے تمام امپورٹرز کو 31 مئی تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے،رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ لیبل پر درج اجزاء نہ پڑھے جانے کی صورت میں غلط خوراک کے انتخاب کے مواقع بڑھ جاتے ہیں، لیبلنگ کی ہدایات پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے تحت جاری کی گئی ہیں۔