قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کی بحالی کا امکان مسترد

اذلان شاہ کپ میں شکست کا ذمہ دارٹیم مینجمنٹ کوقراردینادرست نہیں، قاسم ضیا

اذلان شاہ کپ میں شکست کا ذمہ دارٹیم مینجمنٹ کوقراردینادرست نہیں، قاسم ضیا فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے سلیکشن کمیٹی کی بحالی کا امکان مسترد کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ انڈر 16 ایشیاکپ میں ٹیم کی کامیابی نے پی ایچ ایف اکیڈمیز کی افادیت ثابت کردی۔ نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انڈر 16 ٹیم خالصتاً اکیڈمیز کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، ہم نے چار برس قبل جو پودا لگایا تھا اب اس نے پھل دینا شروع کردیا ہے ، یہ فتح پاکستان ہاکی کے سنہری مستقبل کی نوید ہے۔


کھلاڑیوں کی وطن واپسی پرفیڈریشن مالی مشکلات کے باوجود انعامات کا اعلان کرے گی،انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کہیں بھی سلیکشن کمیٹی موجود نہیں، ٹیم کا انتخاب مینجمنٹ خود کرتی اور پھر نتائج کی ذمے داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے لہذا ہم بھی اسی نظام کو جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایچ ایف کے بعض آفیشلز نے اذلان شاہ کپ میں ٹیم کی شکست کے بعد سلیکشن کمیٹی کی بحالی کا عندیہ دیا تھا۔



اس پر سابق اولمپئنز نے کمیٹی کا حصہ بننے کے لیے پرتولنا شروع کردیے تاہم صدر کی جانب سے انکارپر ان کے ارمانوں پر اوس پڑگئی۔ قاسم ضیا نے کہا کہ اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم کی شکست کا ذمہ دار ٹیم مینجمنٹ کو قرار دینا درست نہیں کیونکہ اس ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑی شامل تھے، ہمارے پاس اس کے سوا ایسا کوئی ٹورنامنٹ نہیں تھا جس میں نئے پلیئرزکو آزماتے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کے منیجر اختر رسول نے اذلان شاہ کپ میں شکست کی وجوہات سے مجھے آگاہ کردیا، مستقبل میں ٹیم کی بہتری کیلیے ان تجاویزکو سامنے رکھتے ہوئے تیاری کی جائے گی۔
Load Next Story