تنازعات سے آئی پی ایل پارٹیز کے رنگ میں بھنگ پڑگیا

منتظمین کا محدود پیمانے پرمحفلیں سجانے کا فیصلہ، زیادہ ہلہ گلہ سے اجتناب برتا جائیگا

منتظمین کا محدود پیمانے پرمحفلیں سجانے کا فیصلہ، زیادہ ہلہ گلہ سے اجتناب برتا جائیگا۔ فوٹو: فائل

تنازعات نے آئی پی ایل پارٹیز کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، منتظمین نے اس بار محدود پیمانے پر محفلیں سجانے کا فیصلہ کیا ہے، زیادہ ہلہ گلہ کرنے سے بھی اجتناب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جب سے انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز ہوا میچز اور پارٹیز کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے، ہر مقابلے کے بعد فرنچائزز کی جانب سے مختلف شہروں میں پارٹیاں منائی جاتیں، جس میں بالی ووڈ اسٹارز کے ساتھ دیگر معروف شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا،کرکٹرز ان محفلوں میں توجہ کا مرکز ہوتے ہیں مگر ماضی میں ان پارٹیز کی وجہ سے سامنے آنے والے تنازعات اور منفی رپورٹس کی وجہ سے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید بھی ہوئی، جس کی وجہ سے اس بار منتظمین نے ان محفلوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔




رواں سیزن کے دوران آئی پی ایل کے مجموعی طور پر 72 میچز ملک بھر کے 12 وینیوز پر کھیلے جارہے ہیں جبکہ صرف 10 میچز کے بعد پارٹیز منعقد کی جائیں گی، اس کے لیے پونے، ممبئی، بنگلور، موہالی، کولکتہ، دہلی اور حیدرآباددکن کو منتخب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار میچز کے بعد ہونے والی پارٹیز محدود تعداد میں صرف منتخب وینیوز پر ہی ہوں گی۔

اس سے قبل پارٹیز کے مہمانوں کی فہرست بہت بڑی ہوتی تھی مگر اب اسے بھی انتہائی محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سیزن کی ایک پارٹی منگل کو ممبئی انڈینز اور دہلی ڈیرڈیولز کے درمیان میچ کے بعد ممبئی میں ہوگی۔ 11 اپریل کو بنگلور میں میزبان اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ کے بعد محفل سجے گی، 16 اپریل کو موہالی، 21 کو نئی دہلی، 23 کو بنگلور، یکم مئی کو حیدرآباد دکن، 9 مئی کو موہالی اور 14 کو ایک بار پھر بنگلور میں پارٹی ہوگی۔
Load Next Story