شعیب ملک نے ویسٹ انڈین ٹیم کو متوازن قرار دے دیا

کمزور نہیں سمجھ سکتے،بڑے نام نہیں اتحادکی فضا ٹیموں کوجتواتی ہے،آل راؤنڈر

کمزور نہیں سمجھ سکتے،بڑے نام نہیں اتحادکی فضا ٹیموں کوجتواتی ہے،آل راؤنڈر۔ فوٹو: آن لائن

شعیب ملک نے ویسٹ انڈین اسکواڈ کو متوازن قرار دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ضرور حاصل لیکن ہم ویسٹ انڈین اسکواڈ کو کمزور نہیں سمجھ سکتے، بیشتر مہمان کرکٹرز کے ساتھ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا، بڑے نام نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کی فضا ٹیموں کو جتواتی ہے،امید ہے کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کا نیا ٹیلنٹ روشن مستقبل کی نوید سنا رہا ہے،حسن علی،فخرزمان، شاداب خان اور فہیم اشرف میں ماضی کے اسٹارز جیسی جھلک نظر آتی ہے، ان کو مسلسل مواقع دینے سے اعتماد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، آصف علی اور حسین طلعت بھی اچھی دریافت ہیں۔


سابق کپتان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور اس کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، یہاں میچز کے انعقاد پر پی سی بی، سیکیورٹی اداروں، حکومت اور میڈیا سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہاں مقابلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے نئے راستے کھلیں گے، آنے والے وقت میں قومی کرکٹرز کو اپنے شائقین کے سامنے کھیلنے کے مزید مواقع ملیں گے۔

شعیب ملک نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں کوئی کوئی پوچھتا تو بتاتا کہ کس پوزیشن پر بیٹنگ کرنا زیادہ بہتر سمجھتا ہوں،اب بطور سینئر کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے،آسان صورتحال میں جونیئرز کو کھیلنے اور گروم ہونے کے مواقع دینے کیلیے تعاون کرنا ضروری ہے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں خود اور مینجمنٹ بھی مجھے آل راؤنڈر سمجھتی ہے تاہم جہاں ضرورت ہوبولنگ میں آزمایا جاتا ہے،پی ایس ایل میں بھی موقع کے مطابق بولنگ کرتا رہا ہوں۔

 
Load Next Story