میٹرک کے امتحانات امتحانی مراکز پر نقل مافیا کی من مانیاں

بیرونی مداخلت پرمیٹروپولیٹن اکیڈمی گلستان جوہرکی انتظامیہ نے اسکول میں مزید پرچے لینے سے انکارکردیا ہے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے باوجود امتحانی مراکز پر سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کے سبب نقل کی روک تھام مشکل ہوگئی ہے۔ فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کے موقع پر ویجلنس ٹیموں کے غیرمتحرک ہونے اورسیکیورٹی اہلکاروں کے امتحانی مراکز سے غائب رہنے کے سبب ''امتحانی مراکز''پرنقل اوردیگر ناجائز ذرائع کا استعمال شروع ہوگیا ہے اور پہلے پرچے کے برعکس بیرونی عناصرنے امیدواروں کونقل کرانے کے لیے امتحانی مراکز کارخ کرلیا۔

بیرونی مداخلت پرمیٹروپولیٹن اکیڈمی گلستان جوہرکی انتظامیہ نے اسکول میں مزید پرچے لینے سے انکارکردیا ہے جبکہ بورڈ انتظامیہ نے مذکورہ اسکول سے امتحانی مرکزقریبی واقع شاہین پبلک اسکول کیمپس3 میں منتقل کردیا ہے۔

منگل کومیٹرک سائنس کے انگریزی کے پرچے کے موقع پرکراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں قائم میٹرو پولیٹن اکیڈمی میں نقل کرانے کے لیے نامعلوم افراد اسکول میں زبردستی گھس آئے اوراسلحہ کے زورپر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ پر نقل کرانے کے لیے دباؤ ڈالا، سولجر بازارنمبر ون کے اسکول میں قائم امتحانی مرکزپرنقل سے روکنے پرفائرنگ کا واقعہ پیش آیا اورپرچہ دینے آنے والاایک طالبعلم فائرنگ سے زخمی ہوگیا،نقل مافیانے لانڈھی کے ایک امتحانی مرکزمیں داخل ہونے کے لیے اسکول میں بم کی موجودگی کی افواہ پھیلادی۔

جبکہ نقل نہ کرانے پر چنیسرگوٹھ کے سرکاری اسکول کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کوقتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اس امر کاانکشاف ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فصیح الدین خان کے مذکورہ اسکول کے دورے کے موقع پرہواجب متعلقہ امتحانی مرکزکے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے ذرائع ابلاغ کوبتایاکہ انھیں نقل نہ کرانے کی صورت میں بیرونی عناصر قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں بورڈکی ٹیم وہاں پہنچی تواسکول کے اطراف نقل کرانے کے لیے بڑی تعداد میں بیرونی عناصرموجود تھے جو ٹیم کودیکھ کروقتی طورپروہاں سے غائب ہوگئے ۔




تاہم ٹیم کے جاتے ہی ایک بارپھراسکول کے اندر اور باہرجمع ہوگئے گلستان جوہرمیں قائم میٹروپولیٹن اکیڈمی میں بھی صورتحال اس وقت قابو سے باہرہوگئی جب ایک درجن کے قریب مسلح افراد اسکول میں گھس آئے اور من پسند امیدواروں کونقل کرانے کے لیے اسکول انتظامیہ پرشدید دباؤ ڈالابعدازاں اسکول انتظامیہ نے اپنے ادارے میں امتحانی مرکز مزید جاری رکھنے سے انکار کردیا اسکول کے ایڈمنسٹریٹر فیصل رضوان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ جب تک پولیس اوررینجرزاسکول میں تعینات نہیں کی جائے گی وہ پرچے نہیں لے سکتے۔

انھوں نے بتایاکہ دو روز گزر گئے تاہم اب تک ویجلنس ٹیم کاکوئی بھی رکن اسکول کے دورے پرنہیں آیا اورویجلنس افسران غائب ہیں اسکول انتظامیہ کے انکارکے بعدبورڈ انتظامیہ نے امتحانی مرکز مذکورہ اسکول سے شاہین پبلک اسکول کیمپس 3 منتقل کردیا ناظم امتحانات نعمان احسن نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اسکول انتظامیہ کومکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم اس کے باوجود اسکول انتظامیہ امتحانی مرکزقائم رکھنے پرراضی نہیں ہوئی لہٰذا اب اسکول کے خلاف بھی قانون کے مطابق ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے باوجود امتحانی مراکز پر سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کے سبب نقل کی روک تھام مشکل ہوگئی ہے جبکہ تشکیل دی گئی ویجلنس ٹیمیں بھی بھرپور کردار ادا کرنے سے قاصرہیں۔
Load Next Story