آئی پی ایل ممبئی انڈینز نے دہلی کو 44 رنز سے قابو کرلیا

رائل چیلنجرز بنگلور نے سن رائزرز حیدرآباد کو 7 وکٹ سے مات دی، کوہلی کے 93 رنز

آئی پی ایل: سن رائزرز حیدرآباد سے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے اوپنر میانک اگروال کا زور دار شاٹ، ان کی ٹیم نے مقابلہ 7 وکٹ سے جیت لیا۔ فوٹو : اے ایف پی

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز نے دہلی ڈیرڈیولز کو 44 رنز سے قابو کرلیا، دنیش کارتھک اور روہت شرما نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسرے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور سن رائزرز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر حساب چکتا کردیا، ویرت کوہلی نے برق رفتار 93 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 209 رنز بنائے، سینئر ترین بیٹسمینوں رکی پونٹنگ(0) اور سچن ٹنڈولکر(1) پر مشتمل اوپننگ جوڑی ایک بار پھر بری طرح ناکام ثابت ہوئی تاہم دنیش کارتھک اور روہت شرما نے تیسری وکٹ کیلیے 131 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل سے نکالا، کارتھک نے 86 رنز بنائے جبکہ شرما 74 پر ناٹ آؤٹ رہے۔


امباتی رائیڈو نے بھی 24 رنز اسکور کیے۔ اشیش نہرا نے دو وکٹیں لیں۔ جواب میں دہلی ڈیرڈیولز 210 رنز ہدف کے جواب میں 9 وکٹوں پر 165 رنز بنا پائی، ڈیوڈ وارنر 61 اور منپریت جونیجا 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مچل جونسن، پراگیان اوجھا اور کیرن پولارڈ نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے سن رائزرز حیدرآباد کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر اتوار کو سپر اوور پر ملنے والی شکست کا بدلہ لے لیا۔



سن رائزرز نے 6 وکٹوں پر 161 رنز بنائے، کیمرون وائٹ نے 52 اور تشارا پریرا نے 40 رنز اسکور کیے، کمار سنگاکارا 23 رنز تک محدود رہے، ردرا پرتاپ سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بنگلور نے 3 وکٹوں پر 17.4 اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا، ویرت کوہلی نے 47 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 93 رنز بنائے، کرس گیل صرف 13 رنز بنا پائے۔ ویرت کوہلی کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Load Next Story