دھرنا کیس تحریک لبیک کے رہنما خادم رضوی سمیت 4 ملزم اشتہاری قرار

مقدمات کی مزید کارروائی ملزمان کی غیرحاضری میں آگے بڑھائی جائے گی، پولیس حکام

مقدمات کی مزید کارروائی ملزمان کی غیرحاضری میں بڑھائی جائے گی، پولیس حکام :: فوٹو : فائل

انسداد دہشت گردی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں نامزد تحریک لبیک کے رہنماؤں خادم رضوی، پیراقضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی، وکیل استغاثہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مولانا خادم حسین رضوی سمیت 4 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن بار بار طلبی کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔ عدالت نے خادم حسین رضوی، پیرافضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔ تمام ملزمان کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: خادم حسین رضوی مفرور ملزم قرار

عدالتی حکم کے بعد پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ خادم حسین رضوی کی طلبی کے اشتہار تھانہ نواں کوٹ، ان کے مدرسے کی دیوار اور اسی علاقے کے چوک جب کہ مجاز عدالت کے باہر چسپاں کردیئے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب مقدمات کی مزید کارروائی ملزمان کی غیرحاضری میں آگے بڑھائی جائے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
Load Next Story