منتخب وزیراعظم کیخلاف فیصلے سے جمہوریت کا نقصان ہوگا قائم علی شاہ

عوام کا والہانہ استقبال آنکھیں کھولنے کیلیے کافی ہے، تھر کول پروجیکٹ کو نواز شریف نے پی پی کی عداوت پر ختم کیا تھا

عوام کا والہانہ استقبال آنکھیں کھولنے کیلیے کافی ہے، تھر کول پروجیکٹ کو نواز شریف نے پی پی کی عداوت پر ختم کیا تھا، جلسے سے خطاب۔ فائل فوٹو

ISLAMABAD:
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 18کروڑ عوام کے منتخب وزیر اعظم کے خلاف فیصلے سے جمہوریت اور عوام کا نقصان ہوگا، تھر میں وزیر اعظم کے والہانہ استقبال سے یہ بات ظاہر ہے کہ عوام کو وزیر اعظم سے امیدیں ہیں اس ملک میں ترقی اور عوامی بیداری چاہتے ہیں تو جمہوریت کو ڈی ریل نہ ہونے دیا جائے۔

تھر کول پاور پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر جلسے سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم 1100میل کی مسافت طے کرکے تھر آئے اور تھر کے عوام نے ان کا انتہائی گرم جوشی سے والہانہ استقبال کیا جو آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ عوام کے منتخب وزیر اعظم کے خلاف کسی فیصلے سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔


انھوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے ملک کی قسمت بدلنے کے لیے شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے دوسرے دور حکومت میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے کرلیا تھا جسے نواز شریف کی حکومت نے محض پیپلز پارٹی اور شہید بے نظیر بھٹو سے عداوت کی بنا پر ختم کردیا یہ بات ریکارڈ کا حصہ ہے کہ اس وقت کی اسمبلی میں میرے سوال پر اس وقت کے وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل اور اس وقت اپوزیشن کے رہنما نے ملک میں بجلی کی پیداوار کو اضافی قرار دیتے ہوئے منصوبے کو وسائل کا ضیاع قرار دے کر معاہدہ کالعدم کردیا جس کا نتیجہ آج پورے ملک کے عوام کو توانائی کے بدترین بحران کی شکل میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے جس کے لیے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی سی او پر حلف اٹھانے والا کوئی فرد جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا، پہلے بھی منتخب وزیر اعظم کو پی سی او ججوں نے گھر بھیج دیا اور اب دوسرے وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کی تیاری کیے بیٹھے ہیں لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم آئین نہیں توڑ سکتے۔

صدر کو استثنیٰ حاصل رہے گا،انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بجلی کا بدترین بحران نواز شریف کے تعصب پر مبنی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے شہید بے نظیر بھٹو نے ملک کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لیے تھر کے کوئلے کو برئوے کار لانے کا فیصلہ کیا تاہم نواز شریف نے یہ معاہدہ ختم کردیا ۔ جلسے سے ڈاکٹر مہیش ملکانی اور سینیٹر گل محمد لاٹ نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story