آسٹریلوی سوئمر دل کی سرجری کے بعد بھی چیمپئن

چالمیرز نے گولڈمیڈل جیت لیا،مقابلوں کے دوسرے دن بھی میزبان کا راج برقرار

چالمیرز نے گولڈمیڈل جیت لیا،مقابلوں کے دوسرے دن بھی میزبان کا راج برقرار۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سوئمر کائل چالمیرز دل کی سرجری کے بعد بھی چیمپئن بن گئے۔

گولڈ کوسٹ گیمز کے دوسرے دن مینز 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ مقابلے میں آسٹریلوی تیراک کائل چالمیرز نے گولڈ میڈل جیت لیا، وہ دل کی سرجری کے بعد کھیل میں واپس آئے ہیں،ان کے ہموطن میک ہورٹن کو چاندی کا تمغہ ملا۔

19 سالہ چالمیرز نے کہاکہ میں نے ریس کیلیے جو پلان بنایا تھا اس پر سختی سے کاربند رہا۔اسکاٹ لینڈ کے ڈنکین اسکاٹ نے برانز میڈل پر اکتفاکیا، ویمنز 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں انگلینڈ کی سارہ ویسی نے جمیکا کی ریکارڈ ہولڈر ایلیا ایٹکنسن کو مات دیکر سونے کا تمغہ گلے کی زینت بنالیا۔


آسٹریلیا کی لیسٹن پیکیٹ نے برانز میڈل پایا، ٹریک سائیکلنگ کے ویمنز 3 ہزار میٹر انفرادی پرسوئٹ میں اسکاٹ لینڈ کی کیٹی آرچبیلیڈ نے گولڈمیدل جیت لیا، جنوبی افریقی سوئمر چاڈ لی کلوز نے مینز 50 میٹر بٹرفلائی فائنل میں پہلی پوزیشن پائی،مینز سائیکلسٹ ایونٹ میں انگلینڈ کے چارلی ٹینافیلڈ نے چار منٹ 11.455 سیکنڈز میں مقابلہ جیت کر گیمز کا نیا ریکارڈ بنا دیا، گولڈ میڈل کیلیے ان کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ کے جون آرچیبلیڈ سے ہوگا۔

ویٹ لفٹر ایوانز گریبز نے ویلز کیلیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، انھوں نے یہ کارنامہ 69 کے جی مینز ایونٹ فائنل میں کامیابی کی بدولت انجام دیا، ویمنز 53 کے جی فائنل میں بھارتی ویٹ لفٹر کھوموکھوچم سنجیتا چیناؤ نے گولڈ میڈل جیتا، ویمنز 3 ہزار میٹر سائیکلنگ میں اسکاٹ لینڈ کی کیٹی آرچیبلیڈ نے 3 منٹ 24.119 سیکنڈز کی ریکارڈ پرفارمنس سے طلائی تمغہ قبضے میں کرلیا، مینز ہاکی ایونٹ میں انگلینڈ نے ملائیشیا کو 7-0 سے آؤٹ کلاس کرکے مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔

 
Load Next Story