اظہرعلی دورہ انگلینڈ کے لیے اننگز کا آغاز کریں گے

دیگر2اوپنرز کا انتخاب شان مسعود، سمیع اسلم اور فخرزمان میں سے ہو گا،کپتان

فوادکیمپ میں شامل ہوںگے،ٹیم مشکل سیریزمیں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ فوٹو: فائل

دورئہ انگلینڈ میں پاکستان کی جانب سے اظہرعلی اننگز کا آغاز کریں گے جب کہ دیگر 2 اوپنرز کا انتخاب شان مسعود، سمیع اسلم اور فخرزمان میں سے کیا جائے گا۔

پاکستان کو گذشتہ برس سری لنکا سے آخری ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز میں شکست ہو گئی تھی، اس میں شان مسعود اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا اور اظہر علی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آئے تھے۔

کپتان سرفراز احمد نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں کہا کہ آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ سے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی اوپننگ کریں گے،وہ گذشتہ 4،5 سال سے ہماری بیٹنگ لائن کا اہم ستون ہیں،ان کا ساتھ دینے کیلیے شان مسعود اور سمیع اسلم جبکہ کیمپ میں فخر زمان بھی شامل ہوئے ہیں، ان تینوں میں سے ہی کوئی کریز پر جائے گا،کم ازکم3اوپنرز کا انتخاب ہوگا۔

سرفراز نے کہا کہ ٹیسٹ میں ہمارے بیٹسمین اسد شفیق، حارث سہیل اور بابر اعظم سیٹ اور کچھ عرصے سے کھیلتے چلے آ رہے ہیں لہٰذا میرا نمبر چھٹا یا ساتواں ہی رہے گا،سرفراز نے کہا کہ ہم پوری کوشش کرینگے کہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں اور مشکل سیریز میں بہتر کارکردگی دکھائیں، 11اپریل سے شروع ہونیوالے کیمپ میں بھی ہمیں اچھی ٹریننگ کا موقع ملے گا۔

کپتان نے کہا کہ اگرچہ آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ ہوگا لیکن کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں میزبان ٹیم کو کمزور خیال نہیں کیا جا سکتا،میچ میں اچھا مقابلہ ہوگا، وہاں کے سرد موسم میں بولرز اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔


فواد عالم کے بارے میں سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ کیمپ کیلیے طلب شدہ کرکٹرزمیں وہ بھی شامل ہونگے،اس کا مطلب یہی ہوا کہ ان کی سلیکشن پر غور ہو رہا ہے،ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کیساتھ ٹیم کی ضرورت کا خیال رکھتے ہوئے حتمی اسکواڈ کا انتخاب کرینگے۔

پی ایس ایل بہترین ہے، آئی پی ایل میں عدم شرکت کا افسوس نہیں، کپتان

سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مجھے آئی پی ایل میں عدم شرکت کا بالکل بھی افسوس نہیں ہوتا، جس طرح کی ہماری لیگ ہو گئی ہمیں بھارتی ایونٹ میں حصہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے،پی ایس ایل بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے،رواں سال ٹاپ کلاس کرکٹ کھیلی گئی،کسی اور لیگ میں بولنگ کا ایسا معیار نہیں دیکھاگیا، آئندہ ایڈیشن کے آدھے مقابلے ملک میں ہوئے تو مزید بہتری آئے گی، ہماری لیگ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔

اسمتھ اور وارنر پر پابندی سے سرفرازافسردہ،بینکرافٹ کی حرکت پر حیران

آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر پابندی نے سرفرازاحمد کو افسردہ کر دیا، البتہ وہ کیمرون بینکرافٹ کی جانب سے کھلم کھلا بال ٹیمپرنگ پر حیران ہیں۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ ایک بہترین کپتان اور بیٹسمین تھے،ان سمیت ڈیوڈ وارنر پر پابندی لگنے کا مجھے بھی بڑا افسوس ہوا، سب جانتے ہیں کہ جب کوئی ایسا واقعہ ہو تو الزام کپتان پر ہی جاتا ہے،ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا،البتہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ میدان میں 30کیمروں کی موجودگی میں بینکرافٹ اتنی بڑی غلطی کرنے کا حوصلہ کیسے کربیٹھے؟ یہ مجھے بڑا عجیب سا لگا، نجانے اس کی کیا وجہ تھی۔
Load Next Story