واٹس ایپ کے بعد فیس بک کا بھی میسیج ڈیلیٹ کا آپشن متعارف کرانے کا فیصلہ

فیس بک صارفین غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو ’اَن سینڈ‘ آپشن کے تحت خود ڈیلیٹ کرسکیں گے

فیس بک صارفین غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو ’اَن سینڈ‘ آپشن کے تحت خود ڈیلیٹ کرسکیں گے فوٹو: فائل

فیس بک نے صارفین کو محفوظ اور بہتر سہولت کی فراہمی کے لیے بھیجے گئے پیغامات کو حذف کرنے کے لیے 'اَن سینڈ ' فیچر متعارف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واٹس ایپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فیس بک نے بھی بھیجے گئے پیغامات کو حذف کرنے کے لیے ایک نئے آپشن کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جو چند ماہ میں دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔ واٹس ایپ کے فیچر 'ڈیلیٹ فار ایوری ون' کی طرز پر فیس بک 'ان سینڈ' فیچر کو ڈیزائن کر رہی ہے جس کا مقصد غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو وصول کنندہ کے لیے بھی حذف کرنا ہے۔


اس سے قبل فیس بک پر پیغام رساں اپنے پاس سے تو میسیج کو ڈیلیٹ کرسکتا تھا لیکن پیغام وصول کرنے والے صارف کے پاس پیغام من و عن پہنچ جایا کرتا تھا اور اس وقت تک ڈیلیٹ نہیں ہو سکتا تھا جب تک وصول کنندہ خود اسے ڈیلیٹ نہیں کردیتا۔ جس پر فیس بک صارفین نے شکایات بھی درج کرائی تھیں تاہم اب صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اپنے غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو 'ان سینڈ' آپشن کے تحت خود ہی ڈیلیٹ کرسکیں گے۔

واضح رہے امریکی انتخابات میں صارفین کا ڈیٹا استعمال ہونے پر فیس بک کو مشکلات کو سامنا ہے جس کا سدباب کرنے اور صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے فیس بک مختلف نئے فیچرز پر کام کر رہی ہے۔ ان ہی تبدیلیوں کے تحت 'ان سینڈ' فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے دوسری جانب فیس بُک کے بانی مارک زکر برگ نے سکیورٹی فیچرز کو بہتر بنانے کے لیے ایڈوانسڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( AI) کے استعمال اور ملازمین کی تعداد بڑھانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
Load Next Story