آج ہواؤں کی سمت بدلنے سے گرمی بڑھے گی محکمہ موسمیات

3دن تک موسم گرم اور خشک رہے گا،درجہ حرارت میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

درجہ حرارت35.8سینٹی گریڈریکارڈ،24گھنٹے کے دوران موسم گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی۔ فوٹو : فائل

CAIRO:
محکمہ موسمیات نے آج سے شہر میں 3 روز تک گرم موسم کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹرشاہد عباس کے مطابق منگل تا جمعرات شہر کا درجہ حرارت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4 ڈگری اضافے کے ساتھ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے ۔ ان کا کہناہے کہ بالائی سطح سے مغربی سسٹم گزرنے کی وجہ سے ہوا کی سمت تبدیل ہوگی اگلے 3 روز کے دوران اس بات کا امکان ہے کہ سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بند ہوجائیں گی اور بلوچستان کی میدانی گرم شمال مغربی ہوائیں چلیں گی۔


شاہد عباس کے مطابق شہر میں پڑنے والی حالیہ گرمی کے مقابلے میں 3 روزہ گرمی کی لہر کے دوران اس بات کا بھی امکان ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب توازن میں رہے متواز ن نمی کے تناسب کی وجہ سے لوچلنے یا پھر حبس کی کیفیت پیدا نہیں ہوگی۔ درجہ حرارت میں جمعرات تک اضافے کے بعد جمعے کو حدت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی پیر کو شہر میں ہو اؤں کی رفتار 12کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ صبح کے وقت نمی کاتناسب 84 اور دن بھر 49 فیصد رہا۔

گزشتہ روز شہر کا درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Load Next Story