تعلیمی نظام کو اسلامی سانچے میں ڈھالا جائے گا منشور جے یو آئی ف

داخلہ اور خارجہ پالیسی اسلامی اصولوں کے مطابق ہوگی اور قرآن وسنت ملک کا قانون ہوگا، منشور جے یو آئی (ف)

میٹرک تک تعلیم لازمی اور گریجویشن تک تعلیم مفت فراہم کی جائے گی، جے یو آئی (ف) کا منشور فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (ف) نے 22 نکاتی منشور کا اعلان کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تعلیمی نظام کو اسلامی سانچے میں ڈھالا جائے گا۔


کوئٹہ میں پارٹی منشور پیش کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ حکومت میں آکر پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ اور خارجہ پالیسی اسلامی اصولوں کے مطابق ہوگی اور قرآن وسنت ملک کا قانون ہوگا۔



مولانا عبدالغفور نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ان کی جماعت میٹرک تک تعلیم کو لازمی بنائے گی اور گریجویشن تک تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ان کی جماعت بجٹ کا 15 فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کرے گی اور مرد وخواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی۔


جمیعت علمائے اسلام کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ چونکہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اس لئے جے یو آئی (ف) زراعت کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور تمام زرعی مصنوعات اور زراعت میں استعمال ہونے والی اشیا پر سبسڈی دی جائے گی۔


پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور نے کہا کہ ملک میں گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں جنہیں تلاش کرکے استعمال میں لایا جائے گا اور ملک میں جہاں سے بھی معدنی ذخائر دریافت ہوں گے ان پر پہلے مقامی لوگوں کا حق ہوگا۔

Load Next Story