کراچی سٹی کورٹ مال خانے میں لگنے والی آگ پر قابوپالیا گیا

فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں، 2 باوزراور1 اسنارکل نے آگ بجھانےمیں حصہ لیا

آگ لگنے کے باعث عمارت کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا؛ فوٹو انٹرنیٹ

سٹی کورٹ کے مال خانے میں لگنے والی آگ پر قابوپالیا گیا آگ لگنے کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رات گئے کراچی میں سٹی کورٹ کے مال خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے باعث عمارت کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جب کہ آگ لگنے کے بعد عمارت کے اندر سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کی مجموعی طور پر 12 گاڑیوں، 2 باوزر اور 1 اسنارکل نے حصہ لیا۔ جب کہ عمارت میں دھماکوں کے باعث بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔


آگ کی اطلاع ملتے ہی کراچی پولیس کے سربراہ مشتاق مہر، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ،چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی، ایس ایس پی سٹی ڈویژن شیرازنذیر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ایس ایس پی سٹی ڈویژن شیرازنذیر کا کہنا ہے کہ مال خانےمیں کیس پراپرٹی، ملزمان سےبرآمد ہونےوالاسامان رکھاجاتاہے، اس کے علاوہ دستی بم، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی سٹی کورٹ مال خانے میں موجود تھا۔ کورٹ میں پیشی کےموقعے پرمطلوبہ سامان لےلیاجاتاہے، مال خانےمیں ضلع ملیرکےعلاوہ تمام ضلعوں کاسامان موجودتھا۔ آگ کے باعث مال خانے میں موجود ہزاروں کیسسز کی کیس پراپرٹی، کروڑوں روپے مالیت کے سونا چاندی ، زیورات اور اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئی۔ شیراز نذیر نے کہا کہ تالا باہر سےبند تھا آگ اندرسےلگی ہے، تاہم واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ نہیں لگتا ماضی میں بھی مال خانےمیں آگ لگی چکی ہے واقعےکی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی کا کہناہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیاہےاور کولنگ کا عمل جاری ہے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
Load Next Story