چاول کی بروقت برآمدات کیلیے اے این ایف سے تعاون کی اپیل

چیکنگ تناسب 1 فیصد بھی نہیں، بریگیڈیئر واجد، بروقت شپمنٹ کیلیے تعاون کی یقین دہانی

چیکنگ تناسب 1 فیصد بھی نہیں، بریگیڈیئر واجد، بروقت شپمنٹ کیلیے تعاون کی یقین دہانی فوٹو: فائل

رائس ایکسپورٹرزنے انسداد منشیات فورس سے چاول کی بروقت برآمدات کیلیے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاول کے کسی کنٹینر میں نارکوٹکس کی شکایت نہیں ملی، آخری لمحات میں برآمدی شپمنٹ کی چیکنگ کی وجہ سے شپمنٹ بروقت برآمد نہیں کی جا سکتیں اور ایکسپورٹر کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

اس سلسلے میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آرای اے پی) کے ایک وفد نے چیئرمین جاوید علی غوری کی قیادت میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر واجد اور جوائنٹ ڈائریکٹر اشعر رضوان سے ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ باسمتی چاول کی برآمدات تقریباً 50 فیصد کم ہو چکی ہے، چاول کے برآمدکنندگان مسلسل اور انتھک محنت کر رہے ہیں تاکہ مالی سال کے اختتام تک باسمتی چاول کی ایک نمایاں مقدار ایکسپورٹ کی جاسکے۔




اس موقع پر اے این ایف کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر واجد نے دستیاب اعداد وشمار کے ذریعے بتایا کہ مختلف پورٹس پر اے این ایف کے ذریعے چاول کے کنٹینر کی چیکنگ کا تناسب تقریباً 1 فیصد ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے۔ انھوں نے اے این ایف کے وفد کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ آرای اے پی اور اے این ایف باہمی کوشش کے ذریعے اس بات کو یقین بنائے گی کہ چاول کی شپمنٹ تاخیر کا شکار نہ ہوں۔
Load Next Story