ایچ ای سی ٹیم مینجمنٹ نے پلیئرزکو بے یارومددگار چھوڑ دیا

سیکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات نہ ہونے پر والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی.

پلیئرزکو نظر اندازکرنے کاالزام درست نہیں،زیادہ ترکا تعلق لاہور سے ہی ہے،منیجر. فوٹو: فائل

قومی خواتین کرکٹ چیمپئن شپ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم مینجمنٹ نے پلیئرز کو بے یارومددگار چھوڑ دیا، سیکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات نہ ہونے کے باعث والدین میں تشویشں کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی ویمنز ونگ کے زیر اہتمام ان دنوں لاہور اور مریدکے میں قومی ایونٹ جاری ہے، اس میں ملک بھر کی 13 ریجنل ٹیمیں شریک ہیں، ہر ٹیم کے ساتھ خاتون ٹیم منیجر کوکوچ مقرر کیا گیا اور یہ ٹیمیں ہوٹلوں یا ہوسٹل میں قیام پذیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے مختلف یونیورسٹیز کی کھلاڑیوں پر مشتمل ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم غالب مارکیٹ کے قریب ایچ ای سی کے ریجنل سینٹر میں قیام پذیر ہے۔

منیجر حمیرا کامران اور کوچ اشرف علی اپنی ڈیوٹی سے غفلت برتتے ہوئے ٹیم کے ساتھ رہنا ضروری نہیں سمجھتے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم منیجر کا معاوضہ ایک ہزار روپے یومیہ ہے اور وہ 20 دن تک کھلاڑیوں کے ساتھ رہنے اور ان کی ضروریات اور مسائل کا خیال رکھنے کی پابند ہیں،انھوں نے ایک دن بھی ٹیم کیساتھ قیام نہیں کیا۔ اس صورتحال نے والدین کو خاصا پریشان کر دیا،ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم منیجر کا نہ ہونا تشویش کا باعث ہے۔




والدین نے اپنے خدشات کا اظہار ایونٹ کا حصہ بننے والی تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں سے کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی بچیوں کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دی تھی لیکن انھیں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پی سی بی کے ویمنز ونگ نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کیلیے اچھے انتظامات کیے لیکن شریک ٹیموں کے معاملات ، رہائش اور دیگر ضروریات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ والدین نے ایچ ای سی کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاکہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم کے ساتھ کسی ذمہ دار خاتون منیجر کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔دوسری جانب نمائندہ ''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر منیجر حمیرا نے بتایا کہ پلیئرز کو نظر انداز کرنے کا الزام درست نہیں ہے۔

ایچ ای سی کی طرف سے کوئی رہائش فراہم نہیں کی گئی تھی، میری کوشش سے انتظام ہوا، زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق لاہور سے ہے، میچ سے قبل ہی ریجنل سینٹر آتی اور پھر گھروں کو لوٹ جاتی ہیں، دیگر شہروں سے آنے والی 4 پلیئرز کو کسی قسم کے مسائل درپیش نہیں، گذشتہ روز بھی ٹیم میٹنگ میں سب سے بات چیت کرکے آئی تھی، کسی کا کوئی مسئلہ ہو تو فون پر یا میچ کے دوران بھی بتایا جاسکتا ہے۔
Load Next Story