ملک کو دہشت گردی کرپشن اور اقربا پروری کا سامنا ہے چیف جسٹس

ملک میں ہم آہنگی کےلیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا، چیف جسٹس

آئین کاتحفظ سپریم کورٹ کی ذمے داری ہے، چیف جسٹس ۔ فوٹو: اے پی پی

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی ، کرپشن اور اقربا پروری کا سامنا ہے، قانون سب کے لیے برابر ہے اور کوئی بھی اس سے بالاتر نہیں۔

اسلام آباد میں پی اے ایف ایئر وار کالج کراچی کے وفد سےخطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی ، کرپشن اور اقربا پروری کا سامنا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی تاریخ میں کئی بار آئین سے تجاوز کیا گیا، ملکی تاریخ میں کئی بار فوجی بغاوت ہوئی، غیرریاستی عناصر متحرک ہوئے،پاکستان میں جمہوریت کو عدم استحکام کا شکار کیا۔


چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کاتحفظ سپریم کورٹ کی ذمے داری ہے، سپریم کورٹ بغیر کسی درخواست کے عوامی مفاد میں از خود کارروائی کرسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے کوئی بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتاہے۔ عدالتی نظرثانی کا مقصد حکومتی عہدیداروں کو غلط کام سے روکنا ہے۔

جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ آئین نے ریاست کے ہر ادارے کے کردار اور طاقت کا تعین کر دیا ہے اور ان کے کام اور اختیارت بتادیئے گئے ہیں، سپریم کورٹ سب کی حدود کا احترام کرتی ہے، ملک میں ہم آہنگی کےلیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے الفاظ ہیں مضبوط ایئر فورس کے بغیرملک جارح کےرحم وکرم پرہوتاہے، سب تسلیم کرتے ہیں پاکستان ایئر فورس دنیا کی بہترین فورسز میں سےایک ہے۔
Load Next Story