مقبوضہ کشمیر قابض فورسز کی طلبا پر اندھا دھند پیلٹ فائرنگ اور شیلنگ 14 نوجوان زخمی

بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کیلیے پیلٹ چلائے اورآنسو گیس کی شدید شیلنگ کی۔

پاک بھارت کشیدگی تیسری عالمگیر جنگ کا باعث بن سکتی ہے،سید علی گیلانی۔ فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے شوپیاں میں طلباء پر پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کے نتیجے میں مزید 14طلباء زخمی ہو گئے جبکہ پیلٹ فائرنگ سے 3 نوجوانوں کی بینائی متاثر ہوئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نجی ٹیوشن سینٹروں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شوپیاں میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ کے نزدیک جمع ہو کر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ وہ کٹھوعہ میں آبروریزی اور قتل کا نشانہ بننے والی آٹھ سالہ آصفہ کے اہلخانہ کو فوری طور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کیلیے پیلٹ چلائے اورآنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں چودہ طالب علم زخمی ہوگئے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گن کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کم سے کم تین اورکشمیری سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

کٹھوعہ کی ننھی آصفہ بانو کی بے حرمتی اور قتل کے افسوسناک واقعے کیخلاف طلبا کے پر امن مظاہرے پر بھارتی فورسز نے پیلٹ گن سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کیا۔


سرکاری اعدادو شمار کے مطابق دو زخمی افراد کو پلوامہ کے ہسپتال سے جبکہ ایک کو ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیاگیا ہے ۔ پیلٹ گن سے زخمی کشمیریوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے کہاہے کہ تینوں افراد کی آنکھیں زخمی ہوئی ہیںجس سے انکی بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔

ہسپتال کے شعبہ امراض چشم کے ایک ڈاکٹر نے کہاہے کہ پیلٹ آنکھ کے اندر جانے سے خون بہہ رہا ہے اور خون رنکنے کے بعد ہی زخم کی گہرائی کے بارے میں جانا جاسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ زخم کافی گہرے ہیں۔

دریں اثناء برطانوی پارلیمینٹ کے رکن افضل خان نے مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوے برطانوی وزیراعظم پر زور دیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔

برطانوی دارالعوام میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمینٹ سے باہر مظاہرین کشمیر کے حوالے سے برطانیہ کا کردار چاہتے ہیں۔ بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپرنظربند سینئر رہنماء اور مسلم لیگ جموںوکشمیر کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو ان کے خلاف ایک جھوٹے مقدمے کی سماعت کیلئے سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کیا۔
Load Next Story