الیکشن میں اسلام کا نام نہ لینا نظریہ پاکستان کے منافی ہے مولانا فضل الرحمان

پاکستان میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

اقتدار میں آکر ملک میں اسلامی نظام رائج کریں گےِ، مولانا فضل الرحمن۔ فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن میں اسلام کا نام نہ لینا نظریہ پاکستان کے منافی ہے۔

لاہور میں گلشن راوی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہر روز ضابطہ اخلاق میں اضافہ کرتا رہتا ہے بہتر یہ ہو گا کہ الیکشن کمیشن اس ضابطہ اخلاق پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں فیصلے کرنے والوں کو بھی اسلام کا علم ہونا چاہیئے، پاکستان اسلام کے لئے بنا، کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بن سکتا۔


جے یو آئی (ف) کے امیر نے مزید کہا کہ تمام جماعتیں اپنے انتخابی منشور کے ساتھ میدان میں ہیں، کسی کا منشورسوشلسٹ نظریہ، کسی کا سرمایہ داریت کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) پورے ملک سے الیکشن لڑ رہی ہے اور حکومت ملی تو پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا دیں گے۔

اس سے قبل پشین میں اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچ قوم پرستوں کے پاس پراپیگنڈے کے علاوہ کوئی پروگرام نہیں اگر ان میں دم ہے تو 11 مئی کو میدان مار کردکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے، بلوچستان جیسا مالدار صوبہ احساس کمتری اور ناانصافی کا شکار ہے، جے یو آئی پاکستان میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے امیر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میں فرقے یا لسانیت کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں۔ آئندہ انتخابات میں کلین سوئپ کریں گے، اقتدار میں آکر ملک میں اسلامی نظام رائج کریں گے۔ اسٹیبلشمنٹ ہماری راہ کی رکاوٹ نہ بنے۔
Load Next Story