ملکی تاریخ میں پہلی بار سپہ سالار جمہوریت کی پشت پناہی کررہے ہیں عمران خان
لندن میں برطانوی اراکین پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ برطانیہ تنازع کشمیر حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہے تاہم مودی کی موجودگی میں کامیابی کی قابل ذکر توقع نہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو خوشگوار قرار دینا ممکن نہیں، امریکا عالمی طاقت ضرور ہے مگر اسے پاکستان کے نکتہ نظر کو سمجھنا ہوگا، امریکا کے پاس خود کی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان کے سر ڈالنے کا کوئی استحقاق نہیں، امریکا کے ساتھ خوشگوار تعلقات ٹھیک مگر یہ باہم احترام اور معاملات کی مناسب تفہیم پر استوار ہونے چاہئیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ سپہ سالار جمہوریت کی پشت پناہی کررہے ہیں، یہ بھی تاریخ کا اہم موڑ ہے کہ عدلیہ آزادی کے ساتھ اپنا آئینی کردار نبھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹ سیاست دانوں کو باکسنگ رنگ میں عامرخان کے حوالے کروں گا، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے سیاسی مخالفین کو سزائیں دلوانے کے لیے اپنے وفادار جج استعمال کرتے، آڈیو ٹیپس موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواز شریف کیسے ججوں کو نکیل ڈالتے ہیں، نواز شریف اپنی نگاہ میں صاف و شفاف انتخابات کو خود کے خلاف سازش تصور کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے فراہمی روزگار کا انتظام میری نگاہ میں اہم ترین ذمہ داری ہے، اپنے سو روزہ منصوبے میں نوجوانوں کے لیے فراہمی روزگار کو کلیدی حیثیت دیں گے، دنیا بھر میں بسنے والے 70 لاکھ اوورسیز پاکستانی ملک کا حقیقی اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کا معقول ماحول فراہم کیا گیا تو سی پیک سے بڑی سرمایہ کاری میسر آئے گی، 29 اپریل کو مینار پاکستان سے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے ہم نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، قرضے ملکی معیشت پر سب سے بڑا بوجھ ہیں۔