شعبان المعظم کے فضائل

حضور ﷺ شعبان میں کثرت سے روزے رکھتے تھے۔

حضور ﷺ شعبان میں کثرت سے روزے رکھتے تھے۔ :فوٹو : فائل

قمری سال کا 8 واں مہینہ شعبان المعظم کہلاتا ہے۔ اس ماہ کے بڑے فضائل ہیں۔ رسول کریمﷺ کاارشاد پاک ہے:''شعبان میرا مہینہ ہے۔''

اس حدیث سے شعبان کی فضیلت کا اندازہ لگائیے کہ اس مہینے کو حضورﷺ نے اپنا مہینہ فرمایا ہے۔ جس مہینے کو حضور ؐ اپنا فرما دیں، اس کی عظمت و شان کا کیا عالم ہوگا۔

حضرت ذوالنون مصریؒ فرماتے ہیں:''رجب بیج بونے کا مہینہ ہے، شعبان آب یاری کا اور رمضان پھل کھانے کا مہینہ ہے۔''

رجب میں بندہ سچی توبہ کرکے اعمال صالحہ شروع کردے، شعبان میں اس پر قائم رہ کر رمضان میں مزید اعمال صالحہ میں اضافہ کردے تو رمضان ہی میں اﷲ اسے جنت کی بشارت عطا فرماتا ہے۔


حضور ﷺ شعبان میں کثرت سے روزے رکھتے تھے۔ کسی نے اس کا سبب پوچھا تو آپؐ نے ارشاد فرمایا:''شعبان سے شعبان کے درمیان موت لکھی جاتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ جب میری موت لکھی جائے تو میں روزے سے ہوں۔''

مزید ایک جگہ ارشاد فرمایا:''شعبان میں نامۂ اعمال اٹھایا جاتا ہے تو میں چاہتا ہوں کہ جب میرا نامۂ اعمال اٹھایا جائے تو میں روزے سے ہوں۔''

ایک اور جگہ ارشاد فرمایا:''جو شعبان کا ایک روزہ رکھے گا، اﷲ تعالیٰ اس کے جسم کو جہنم کی آگ پر حرام کردے گا۔''

یہ نفلی روزے ہیں، اگر کوئی انھیں رکھے گا تو یہ ساری برکتیں اسے حاصل ہوں گی اور نہ رکھنے والا گناہ گار نہ ہوگا لیکن اس سارے ثواب سے محروم رہ جائے گا۔ ہمیں چاہیے کہ اگر استطاعت ہو تو اس ماہ میں کثرت سے روزے رکھیں، نہیں تو کم از کم 14 اور 15 شعبان کا روزہ ضرور رکھیں کہ 14 شعبان نامہ اعمال کا آخری دن ہوگا اور 15 شعبان نامہ اعمال کا پہلا دن ہوگا، اس طرح نامۂ اعمال کے اول و آخر روزہ آجائے تو ہوسکتا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کرم فر مادے۔

اس ماہ کی 15 ویں شب کو ''شب برأت'' کہتے ہیں جو لیلۃ القدر کے بعد سال بھر کی تمام مقدس راتوں سے افضل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس شب میں جاگ کر خوب اﷲ تعالیٰ کی عبادت کریں، نوافل پڑھیں، تلاوت قرآن کریں، قبرستان جاکر مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کریں۔ ہمیں چاہیے کہ شعبان بالخصوص شب برأت میں خود بھی عبادت کریں اور اپنے اہل خانہ کو بھی عبادت کی تلقین کریں۔ اگر ہم نے ایسا کیا تو اﷲ تعالیٰ ہمیں وہ نعمتیں عطا فرمائے گا کہ ہمارے دامن تنگ پڑ جائیں گے۔ اﷲ تعالیٰ ہمیں یہ نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں ماہ شعبان کی رحمتوں برکتوں سے مستفید فرمائے، آمین
Load Next Story