کراچی میں گودام پر چھاپہ گدھے اور کتے کی 800 کھالیں برآمد

ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گدھے اور کتے کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کرتا ہے

یہ گروہ مختلف شہروں سے کھالیں حاصل کرکے کراچی لاتا ہے اور یہاں سے کھالیں چین برآمد کردی جاتی ہیں فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
پولیس نے کورنگی کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران گدھے اور کتے کی 800 کھالیں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گدھے اور کتے کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کرتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے کورنگی سیکٹر سیون اے میں واقع ایک گودام پر چھاپے کے دوران پولیس نے گدھے اور کتے کی کھالوں سے بھرے 200 بورے برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں ایک افغان باشندہ عبدالرحیم بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق افغان شہری نے پاکستانی شہری کی مدد سے یہ گودام لے رکھا تھا، ان کا گروہ بین الصوبائی ہے جو کے پی کے اور پنجاب کے مختلف شہروں سے کھالیں حاصل کرکے کراچی لاتا ہے اور یہاں سے کھالیں چین برآمد کردی جاتی ہیں۔


افغان باشندے عبدالرحیم نے پولیس کو بتایا کہ یہ کھالیں کے پی کے اور پنجا ب کے مختلف شہروں سے لائی گئی ہیں یہ جانور وہاں ذبح کرکے ان کا گوشت ان ہی شہروں میں فروخت کردیا گیا تھا بعدازاں کھالیں چین بھیجنے کے لیے کراچی لائی گئی ہیں۔

متعلقہ ایس ایچ او نے بتایا کہ یہ ملک گیر گینگ ہے جو پاکستان کے مختلف شہروں سے کھالیں اکٹھی کرکے یہاں لاتا ہے تاہم یہ گینگ مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ کراچی کے پوش علاقوں میں واقع ہوٹلوں پر بھی گوشت سپلائی کرتا ہے ان 200 بوروں میں کم از کم 800 کھالیں موجود ہیں۔

Load Next Story