چینی سرمایہ کار صوبے میں کم لاگت گھرتعمیر کریں گے پنجاب حکومت

صوبے کے ہاؤسنگ سیکٹرمیں بے پناہ مواقع موجود،سرمایہ کاری کاخیرمقدم کریں گے، رانا ارشد

معاشی استحکام میں سی پیک کا کردار اہم، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ( فوٹو: فائل)

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں چینی گروپ کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے چین کے سرمایہ کاروں کے تعاون سے پنجاب میں کم آمدن والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں تعاون سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے لہٰذا اس منصوبے کو انفرادیت اور پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی گروپ لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لے گا۔ چین میں اب تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے پنجاب کی تیز رفتار ترقی کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے، بلاشبہ منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے حوالے سے تیز رفتار ترقی محمد شہباز شریف کا اعزاز ہے اور چین کی قیادت اور اعلی حکام بھی ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔ چین میں پنجاب کی تیز رفتار ترقی کی اصطلاح کا رائج ہونا چینی قیادت کا وزیر اعلیٰ پنجاب پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے پنجاب کی تیز رفتار ترقی د راصل شفافیت، کارکردگی، معیار اور کوآرڈینیشن کا دوسرا نام ہے۔


رانا محمد ارشد نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے کامیاب منصوبے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی صوبے کے عوام کوعالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے اور یہ منصوبے آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کی صوبہ پنجاب میں کم آمدن والے گھروں کی تعمیرکے منصوبے میں ہر ممکن تعاون کریں گے اور اربن ڈیولپمنٹ کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت کے ساتھ شراکت کار بڑھائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے نئی جہت عطا کی ہے اور یہ تاریخ ساز منصوبہ تاریخ کا دھارا بدل دے گا، چین کے صدر پاکستان کی تعمیر وترقی میں تعاون لائق تحسین ہے اور پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنانے میں سی پیک اہم کردارادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سی پیک کے باعث سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور دیگر ممالک بھی سی پیک میں شمولیت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
Load Next Story