رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں25ملزمان زیر حراست اسلحہ برآمد

عمر کالونی میں گھر گھر تلاشی کے دوران 5 افراد کو حراست میں لیا گیا، قصبہ کالونی میں بھی رینجرز کے آپریشن کی اطلاعات

عمرکالونی میں ٹارگٹڈکارروائی کے دوران رینجرزاہلکارایک گھر میں داخل ہورہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد اور پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث افراد کی موجودگی کی اطلاع پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے25 افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے محمود آباد کے علاقے عمر کالونی میں گزشتہ روز جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران علاقے میں آمد و رفت معطل کر دی گئی، گھر گھر تلاشی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے5 افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔

برآمد کیے گئے اسلحے میں کلاشنکوف، رائفلیں، ٹی ٹی پستول، نائن ایم ایم اور درجنوں کارتوس و راؤنڈز شامل ہیں،ان افراد کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، قصبہ کالونی میں بھی رینجرز کے آپریشن کی اطلاعات موصول ہوئیں جس میں کئی افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم رینجرز حکام نے تصدیق سے گریز کیا، علاوہ ازیں گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں ہیڈ محرر کے قتل کے بعد ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کی سربراہی میں پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے آپریشن کا آغاز کیا اور اس دوران منگھوپیر، سلطان آباد اور خیرآباد سے12 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے6 ٹی ٹی پستول اور50 راؤنڈز برآمد کرلیے۔




آصف شیخ کے مطابق آپریشن پولیس اہلکار کے قاتلوں، ٹینس بال بم اور کریکر حملوں میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جبکہ ضلع ویسٹ پولیس نے8 ملزمان امیر گل، برکت علی عرف حشمت، لطیف، امیر الرحمن، صداقت خان، ابراہیم، قطب الدین اور نیاز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے8 پستول، 8 میگزین، 40 کارتوس اور وارداتوں میں چھینا ہوا مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا، آصف شیخ نے ضلع ویسٹ میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیاہے۔

علاوہ ازیں سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی پولیس نے 24 کارروائیوں کے دوران 12 مفرور، ایک اشتہاری سمیت 116 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، رپورٹ کے مطابق بن قاسم اور نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے قتل میں ملوث 3، سکھن پولیس نے ایک ، مبینہ ٹاؤن پولیس نے بھتہ خوری میں ملوث ایک ملزم، رضویہ اور تیموریہ پولیس نے ڈکیتی میں ملوث ایک ایک ملزم کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، دیگر تھانوں کی حدود سے12مفرور اور ایک اشتہاری ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا، رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی، رنگین شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے بالترتیب26 اور 11 ہزار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔
Load Next Story