پیپلزپارٹی آج کراچی اور تحریک انصاف لاہور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

مردان میں متحدہ مجلس عمل بھی عوامی جلسہ کرے گی جب کہ صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

جلسے میں شرکت کیلیے ملک بھر سے مرکزی رہنمائوں سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی آج ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا لیاقت آباد کراچی جب کہ تحریک انصاف مینار پاکستان لاہورمیں بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی آج ایف سی ایریا لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں عوامی جلسہ کرے گی جہاں بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے جب کہ جلسے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مرکزی استقبالیہ کیمپ الکرم اسکوائر لیاقت آباد پر قائم کیا گیا ہے،انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں شیری رحمان، مراد علی شاہ، نثار کھوڑو، وقار مہدی، سعید غنی، جاوید ناگوری، نفیسہ شاہ، شاہدہ رحمانی اور دیگر نے جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا۔


پاکستان تحریک انصاف لاہور میں مینار پاکستان پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور کی شاہراہوں کو عمران خان کی تصاویر، نعروں پر مبنی بینرزاور فلیکسز سے سجا دیا گیا، جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے مرکزی رہنماؤں سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب مردان میں متحدہ مجلس عمل سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق خطاب کریں گے جب کہ صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
Load Next Story