الیکشن ہوتے دیکھ رہاہوں بڑا مسئلہ سیکیورٹی ہے امین فہیم

خدشہ ہے کہ امیدواروں کوٹارگٹ کیا جائے گا تاکہ الیکشن ملتوی کرائے جاسکیں

امید ہے عوام پیپلز پارٹی کوووٹ دینگے،آئندہ ہماری حکومت ہوگی، میڈیاسے گفتگو فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی پارلمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ میں الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں لیکن اس الیکشن میں سب سے بڑا مسئلہ سیکورٹی کا ہے۔

خدشہ ہے کہ امیدواروں کوٹارگٹ کیاجائے تاکہ الیکشن ملتوی کرائے جاسکیں ۔ الیکشن کے بعد مخلوط حکومت بنتی ہوئی نظرآرہی ہے اور انشا اللہ وہ حکومت ہماری ہوگی ۔ وہ پیرکواپنی رہائش گاہ پرصحافیوں کے گروپ سے بات چیت کررہے تھے۔ مخدوم امین فہیم سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا آپ کو الیکشن ہوتے نظرآرہے ہیں ؟ انھوں نے کہا کہ میں الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں لیکن ان انتخابات میں بہت سی چیزیں غیر معمولی اور نئی نظر آرہی ہیں ۔ آئین کے آرٹیکلز62 اور63 کے تحت الیکشن کمیشن نے جو سوالات کیے وہ انتہائی مضحکہ خیز تھے۔




الیکشن کمیشن کو سنجیدہ سوالنامہ دینا چاہیے تھا ۔ کاغذات نامزدگی 9 صفحات پر مشتمل تھا ، ایسے لگ رہا تھا جیسے امیدوار الیکشن نہیں لڑ رہا بلکہ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہو۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں بعض اچھی اور مثبت باتیں سامنے آئی ہیں ۔ پارلیمنٹ نے جتنے بھی بڑے فیصلے کیے وہ متفقہ طور پر کیے۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ن لیگ کی حکومت بنانے میں مدد کی۔ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ نواز شریف وفاقی حکومت سے کیوں الگ ہوئے لیکن اس کے باوجود5 سال خیریت سے گزر گئے ۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا پیپلز پارٹی کی قیادت کو طالبان سے واقعی کوئی خطرہ ہے ؟ مخدوم امین فہیم نے کہا کہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے ۔ انھہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے عوام ہمیں ووٹ دیں گے اور آئندہ حکومت ہماری ہوگی۔
Load Next Story