ہاشم آملہ قومی ایوارڈ ”آرڈر آف ایکامانگا“ وصول کرنے والے پہلے پروٹیز بیٹسمین بن گئے ہیں۔ فوٹو؛ فائل
مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کو جنوبی افریقن حکومت کی جانب سے شاندار کارکردگی پر ''آرڈر آف ایکامانگا'' ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے مسلمان کرکٹر ہاشم آملہ کو کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ وہ "آرڈر آف ایکامانگا" ایوارڈ وصول کرنے والے پہلے پروٹیز بیٹسمین ہیں، اس سے قبل فاسٹ بولرز شان پولاک اور مکھایا نتینی کو بھی یہ ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔
یہ ایوارڈ جنوبی افریقہ کے بڑے قومی ایوارڈ میں سے ایک ہے جو آرٹس، کلچر، ادب، موسیقی، صحافت اور اسپورٹس میں شاندار کارکردگی اور خدمات پر دیا جاتا ہے۔ آملہ نے جنوبی افریقہ کی طرف سے 117 ٹیسٹ، 164 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے ہیں اور مجموعی طور پر 17794 رنز سکور کیے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹرپل سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں 311 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ میں ہیمپشائر کی جانب سے کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہاشم آملہ نے ایوارڈ لسٹ میں اپنا نام شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایوارڈ کو جنوبی افریقی عوام کے نام کیا تھا۔