یوتھ اولمپکس ایشین کوالیفائرز پاکستان کا چھٹی پوزیشن پر اختتام

قومی ہاکی کو جاپان سے بھی شکست، حریف سائیڈ نے آخری 2 منٹوں میں 2 گول بناکر 7-5 سے سمیٹ لی

بھارت نے ملائیشیا کو پنالٹیز پر ہراکرٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔ فوٹو:فائل

QUETTA:
ایشین یوتھ اولمپک گیمز کوالیفائرز میں پاکستان ہاکی ٹیم جاپان سے بھی ہار گئی جب کہ حریف سائیڈ سے 5 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست کے بعد گرین شرٹس کو چھٹی پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔

ایشین یوتھ اولمپک گیمز کوالیفائرز بھارت کے چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں بھارت کے ساتھ جنوبی کوریا، جاپان، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کو رکھا گیا جبکہ گروپ بی میں ملائیشیا، بنگلہ دیش، پاکستان، چائینز تائپے، سنگاپور اور کمبوڈیا کی ٹیمیں شامل تھیں،ایونٹ میں پاکستانی ٹیم جاپان کے ہاتھوں بھی شکست کھانے کے بعد چھٹی پوزیشن ہی حاصل کر سکی۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پاکستان اور جاپان کی ٹیم کے درمیان ہونے والے ایونٹ کے پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں جاپان نے پاکستان کو 5کے مقابلے میں7 گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلے گئے میچ کے اختتام سے 2 منٹ قبل دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پانچ، پانچ گول سے برابر تھا تاہم آخری دو منٹ میں جاپان کے کھلاڑیوں نے مزید 2 گول کرکے پاکستان کو ہرا دیا۔


پاکستان کی طرف سے مرتضی یعقوب نے دو بار گیند کوجال کے اندر پھینکا، ذوالقرنین،محمد وقاص اور محسن خان نے ایک ایک گول کیا جبکہ جاپان کی طرف سے جون نکہانا نے3 گول کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کر دار ادا کیا۔جاپان کے دیگر4کھلاڑی بھی ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ادھر بھارت نے پنالٹیز پر ملائیشیا کو ہرا کر ٹائٹل پر قبضہ جمایا، مقررہ وقت پر مقابلہ 4-4 گول سے برابر تھا تاہم بلوشرٹس نے پنالٹیز پر ایک کے مقابلے میں 2گول سے مقابلہ جیت کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

بنگلہ دیش نے جنوبی کوریا کو 4کے مقابلے میں 5گول سے زیر کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چائینز تائپے نے ہانگ کانگ کو 2۔10 سے پچھاڑ کر ساتویں پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ ایک اور میچ میں سنگاپور نے تھائی لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں نویں پوزیشن حاصل کی۔

 
Load Next Story