پشاور میں 3 بچے مبینہ طور پرانسداد پولیو ویکسین سے جاں بحق

محکمہ صحت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے

بچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے جاں بحق ہوئے،والدین کا الزام۔ فوٹو: احتشام بشیر

پشاور میں ایک ہی خاندان کے 3 بچے مبینہ طور پر انسداد پولیو ویکسین کے استعمال کے بعد جاں بحق ہوگئے جب کہ محکمہ صحت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور شہر کے علاقے شاہین مسلم ٹاؤن میں مبینہ طور پر 3 بچے پولیو ویکسین لگنے کے بعد دم توڑ گئے، والدین کے مطابق 12 ماہ کے ریحان، 4 ماہ کے شہرام اور ایک ماہ کے عالیان کو پولیو ویکسینیشن سینٹر میں پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے جس کے بعد ان کو تیز بخار ہو گیا اور یہ تینوں بجے جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق تینوں ننھے بچوں کو سپرد خاک کر دیا گیا تاہم والدین نے حکومت سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جسے 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load Next Story