حکومت اور الیکشن کمیشن جماعتوں کو سیکیورٹی دینگے عارف نظامی

ضابطہ اخلاق کے نام پرکوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی، سینئر صحافیوں اور مدیران سے گفتگو.

ضابطہ اخلاق کے نام پرکوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی، سینئر صحافیوں اور مدیران سے گفتگو. فوٹو: فائل

KARACHI:
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کہا ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے مشترکہ تعاون سے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

آزاد، صاف و شفاف عام انتخابات کا مقررہ وقت پرانعقاد نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، نگراں حکومت کو کراچی، بلوچستان اور خیر پختونخوا میں امن و ا مان کی صورتحال کا احساس ہے جس کیلیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امن و امان سے منسلک تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو ساتھ ملا کر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں گے۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو ایک مقامی ہوٹل میں ایڈیٹرز اور سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ امیدواروں کی سیکیورٹی کیلیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے امن و امان سے متعلق اقدامات بہتر اور مشترکہ ہیں اوریہ نگراں حکومت کیلیے بڑا چیلنج بھی ہے۔ عارف نظامی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں میڈیا کا کردار اور زیادہ اہم بن جاتا ہے۔ عام انتخابات میں حکومت کی جانب سے میڈیا کو اشتہارات بھی ملیں گے اور سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کو اشتہارات ملیں گے تاہم اس کے باوجود صحافتی ذمے داریاں اپنی جگہ پر رہیں گی۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کے تعاون سے چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کیلیے ضابطہ اخلاق بنایا ہوا ہے ۔ اس سلسلے میں پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ضابطہ اخلاق ایک بہتر ضابطہ اخلاق ہے، وزارت اطلاعات میڈیا کو تمام تر سہولت فراہم کرے گی، اس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کے نام پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جاے گی۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کی تقسیم کے فارمولے میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔

سینٹرلائز میڈیا لسٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا جس کے بعد لسٹ میں صرف وہی اخبارات شامل کیے جائیں گے جو کہ پابندی سے شائع ہوتے ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) عمران گردیزی نے بتایا کہ آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کی رضا مندی سے یہ طے کیا گیا ہے کہ 50 فیصد اشتہارات کا کوٹہ اب پی آئی ڈی کو دیا جائے گا تاہم یہ کوٹہ 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد وفاق سے منظوری کے بعد دیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات آغا ندیم نے بتایا کہ صحافیوں کے8ویں ویج ایوارڈ کے لیے کمیٹی کا اعلان آئندہ 10 سے 15 روز میں کر دیا جائے گا۔
Load Next Story