نیب اورایف آئی اے کی کئی میڈیکل کالجز بند کرنے کی سفارش

مخصوص مدت میں رجسٹرڈ ہونے والے میڈیکل کالجز سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع

رشوت لے کر میڈیکل کالجز رجسٹرڈ کرنے کا الزام،فوٹو:فائل

نیب اور ایف آئی اے نے عدالتی حکم پر تحقیقات کے بعد میرٹ پر پورا نہ اترنے اور رشوت دے کر خود کو رجسٹرڈ کرانے والے میڈیکل کالجز کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت تشکیل کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مخصوص مدت میں ملک بھر میں رجسٹرڈ ہونے والے میڈیکل کالجز کے متعلق اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ کے روبرو جمع کروادی۔

نیب اور ایف آئی اے کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی کی رپورٹ میں میرٹ پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کا نہ صرف بھانڈا پھوڑا گیا ہے بلکہ کئی کالجز کو بند کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں فیکلٹی ہے نہ ہی سہولتیں ہیں اس لیے اس کالج کو بند کردیا جائے، جناح میڈیکل کالج پشاور میں 100 نشستوں کے مطابق سہولیات دستیاب نہیں اگر 6 ماہ کے اندر خامیاں اور کمی دور نہیں کی جاتی تو نشستیں 50 کردی جائیں گی۔



رپورٹ کے مطابق محمد بن قاسم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں نہ تو اساتذہ کی تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی کی جاتی ہے اور نہ ہی سہولتیں ہیں جب کہ عمارت کا نقشہ منظور شدہ نہیں ہے۔ خیرپور میڈیکل کالج ایلیمنٹری اسکول کے اندر قائم کیا گیا ہے کالج سے ملحق اسپتال میرٹ پر پورا نہیں اترتا۔ شفا کالج آف میڈیسن اسلام آباد کو خامیاں دور کرنے اور قانونی و مالی معاملات کے حل کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جاسکتا ہے۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یسرا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اسلام آباد بند کیا جانا چاہیے، پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج طلبہ سے مالی فراڈ کا مرتکب ہوا ہے جو کہ قانون اور پی ایم ڈی سی کی خلاف ورزی ہے اس لیے اس کالج کو بند کردینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی

کانٹی نینٹل میڈیکل کالج لاہور میں میڈیسن کی فیکلٹی کم ہے، ملحق اسپتال ، کیمپس سے بہت دور ہیں جس سے طلبا کی پڑھائی کا حرج ہوتا ہے، آئی سی یو، سی سی یو اور دیگر شعبہ جات میں سہولتوں کی کمی ہے۔ محی الدین اسلامک میڈیکل کالج سے ملحق محمد ی ہسپتال بند پڑا ہے۔ کالج 100 نشستوں کے لیے میرٹ پر پورا نہیں اترتا، حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج گجرات میں سہولتوں کا فقدان ہے۔ ملحق ہسپتال طبی اعتبار سے معیار پر پورا نہیں اترتا۔

اسی طرح مارگلہ کالج آف ڈینٹسٹری راولپنڈی 10 سالہ لیز پر ہے جو کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے رولز کی خلا ف ورزی ہے، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے متصل اسپتال میرٹ پر پورا نہیں اترتا، کالج 100 نشستوں کے لیے ناکافی ہے۔ اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ( ڈینٹل) محض 75 نشستوں کے لیے میرٹ پر پورا اترتا ہے۔ فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اسلام آباد میں اناٹومی کا ٹیچر ہی نہیں۔ کلینیکل سائنس کے لیے طلبہ کو پمز لےجایا جاتا ہے لیکن پمز کے ساتھ معاہد ہ ہی نہیں ہے۔
Load Next Story