عالمی ثالثی عدالت نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی اپیلیں مسترد کردیں
آئی سی سی نےاسپاٹ فکسنگ کےالزامات میں سلمان بٹ پر10 سال، محمد آصف پر 7 سال اور محمد عامر پر 5 سال کی پابندی لگائی تھی
عالمی ثالثی عدالت نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کی آئی سی سی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف نے سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزان میں عالمی ثالثی عدالت میں سزا میں کمی کی اپیل کی تھی تاہم عالمی ثالثی عدالت نے دونوں کھلاڑیوں کی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائیں برقرار رکھی ہیں۔
اس موقع پرسلمان بٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن ان کی سزا میں کمی کے خلاف اپیل مسترد ہوگئی ہے لگتا ہے اللہ کو یہی منظور تھا۔ وہ اپنی سزا میں دو سال 7 ماہ کا عرصہ گزار چکے ہیں جب سزا ختم ہوگی تو وہ 30 برس کے ہوجائیں گے، اس دوران ان کی کوشش ہوگی کہ وہ کرکٹ کے لئے مکمل فٹ رہیں، کیونکہ اس وقت قومی ٹیم کا کپتان 39 سال اور نائب کپتان 35 برس کا ہے۔
واضح رہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ اور کرپشن کے الزامات میں سابق کپتان سلمان بٹ پر 10 سال، محمد آصف پر 7 سال اور محمد عامر پر 5 سال کی پابندی عائد کی تھی۔