راولپنڈی احاطہ عدالت میں مخالف وکلا کا پرویزمشرف کے حامیوں پر تشدد

ایک وکیل نے کمرہ عدالت میں پرویز مشرف پر کرسی پھینکنے کی کوشش کی تاہم سابق صدر نے سیکیورٹی گارڈ کی آڑ لے لی۔

سابق صدرعبوری ضمانت کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ پہنچے تھے۔ فوٹو: ایکسپریس

ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران سابق صدر پرویز مشرف وکلا کے حملے سے ایک بار پھر بچ نکلے لیکن مخالفین نے ان کے حامیوں کی پٹائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں عبوری ضمانت کے لئے پیشی کے موقع پر مخالف وکلا کو اپنا غصہ نکالنے کا موقع مل گیا، ایک وکیل کی جانب سے ان پر کرسی پھینکنے کی کوشش کی گئی تاہم پرویز مشرف نے جھک کر اور سیکیورٹی گارڈ کی آڑ لے کر بچنے کی کوشش کی۔


صورت حال اس وقت گھمبیر ہوگئی جب واقعے کے بعد سابق صدر تو سخت سیکیورٹی میں ہائی کورٹ سے بچ نکلے اور ان کے وکیل اور حامی مخالف وکیلوں کے ہتھے چڑھ گئے، وکلا نے سابق صدر کے کچھ حامیوں کو تو مار مار کر ادھ موا کردیا اور کچھ صرف مکے اور لاتیں کھانے کے بعد ہی گوشہ نشین ہوگئے اور عدالت میں تعینات پولیس اہلکاروں نے معالے کو سنبھالا اور سابق صدر کے حامیوں کو مخالفین کے عتاب سے بچالیا۔

Recommended Stories

Load Next Story