لندن گیمزیوسین بولٹ اعزازات کے دفاع میں کامیاب

100کے بعد200میٹرمیں بھی گولڈ،کارنامہ مسلسل 2بارانجام دینے والے پہلے پلیئر

لندن گیمز:یوسین بولٹ اعزازات کے دفاع میں کامیاب (افوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس میں جمیکا کے یوسین بولٹ100 اور 200 میٹر ریس جیت کر اعزازات کے دفاع میں کامیاب ہو گئے،وہ یہ کارنامہ مسلسل دو بار انجام دینے والے پہلے ایتھلیٹ بنے ہیں، جمعرات کی شب انھوں نے مینز 200 میٹر ریس میں بھی گولڈ میڈل گلے پر سجایا، انھوں نے مقررہ فاصلہ 19.32سیکنڈز میں مکمل کیا، بولٹ نے 2008 کے بیجنگ گیمز میں بھی طلائی تمغے جیتے تھے۔


حالیہ دوڑ میں جمیکا کے ہی یوہان بلیک دوسرے نمبر پر آئے، انھوں نے 19.44 سیکنڈز میں فنشنگ لائن عبور کی، ہم وطن وارن وائر نے فاصلہ19.84 سیکنڈز میں پورا کیا، سو میٹر دوڑ میں بادشاہت برقرار رکھنے کیلیے یوسین بولٹ نے 9.63 سیکنڈز صرف کیے تھے، یہ ان کا دوسرا سب سے تیز وقت تھا، حالیہ فتح کے بعد جہاں اسٹیڈیم میں شائقین یوسین بولٹ کی تصاویر کھینچ رہے تھے وہیں خود انھوں نے بھی کیمرے اٹھا کر شائقین و میڈیا کی تصاویر اتارنا شروع کر دیں۔

دریں اثنا یوسین بولٹ نے خود کو تاریخ کا عظیم ترین ایتھلیٹ قرار دیا ہے، اعزاز برقرار رکھنے کے بعد انھوں نے کہا کہ میں ایک ''لیونگ لیجنڈ'' ہوں، انھوں نے جلد ریٹائرمنٹ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کھیل سے عشق ہے، بولٹ نے کہا کہ میں اب ایک ایسا ہدف ڈھونڈنا چاہتا ہوں جو مجھے بڑے کام کرنے کیلیے سرگرم رکھے، بقیہ سیزن کے دوران میں آرام کروں گا، انھوں نے مزید کہا کہ میں 200میٹر کا ریکارڈ بنانا چاہتا تھا لیکن ایسا نہ ہونے کے باوجود خوش ہوں، مجھے خود پر فخر ہے۔
Load Next Story