ن لیگ کے بکھرنے کا کوئی امکان نہیں نہال ہاشمی

عمران خان نے سابق بریگیڈیئر کو پنجاب میں نوکری دینے کے تناظر میں بات کی، شفقت محمود

ایم ایم اے کے کسی لیڈر کا نام پاناما میں شامل نہیں، سراج الحق، ٹو دی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو:فائل

ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے بکھرنے کا کوئی امکان نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو ڈی پوائنٹ کے میزبان منصور علی خان سے گفتگوکرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم نے تو ہر جگہ احترام ملحوظ خاطر رکھا، جو بھی جس کا دائرہ ہے اس کے اندر اس کو عزت دی اور احترام دیا، ہوا یہ ہے کہ ہمارے دائرے گورننس، پارلیمنٹ اور سیاسی کلچر کے اندر مداخلت کی گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے بکھرنے کا یقیناکوئی امکان نہیں ہے، نواز شریف کی جلاوطنی کے باوجود بھی پارٹی نہ منتشر ہوئی اور نہ ہی بکھری۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان کہ 2013 کا الیکشن نواز شریف نے جنرل کیانی کی مدد سے جیتا نواز شریف کے خلاف نہیں، انھوں نے یہ بیان فوج کے ادارے اور اس وقت کے سپہ سالار کے خلاف دیا ہے، انھوں نے ایک بریگیڈیئر کا ذکر کیا، فرد واحد توکوئی چیز نہیں کرتا، انھوں نے فوج کے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی، یہ پوری دنیا میں ہمارے ادارے کو بدنام کر رہے ہیں اور اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ صحافی باخبر لوگ ہیں اور بہتر بتا سکتے ہیں کہ خلائی مخلوق کا اشارہ کس طرف ہے۔


دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف کی 1985 اور اس کے بعد کی جو تاریخ عمران خان نے بیان کی ہے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، ساری دنیا جانتی ہے کہ نوازشریف کو ضیاالحق نے اسپانسرکیا اور سیاسی طور پر بڑا کیا، 1993 اور 1996ء اور اس کے بعد بھی نواز شریف نے اداروں کی مدد لی، عمران خان نے جو 2013 کی بات کی ہے اس میں ان کا زیادہ زور اس بات پر ہے کہ ایک شخص تھا جس کو بعد میں ن لیگ والوں نے نوازا، انھوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ سارا ادارہ ملوث نہیں تھا جو بندہ یہاں ایم آئی کی نمائندگی کر رہا تھا اس کے بارے میں انھوں نے بات کی تھی۔

ایک سوال پرکہا کہ ان کے خیال میں یہ بات ایک بریگیڈیئرتک محدود ہے، ایک آدمی جو رٹائرمنٹ کے قریب ہے وہ سوچتا ہے کہ رٹائرمنٹ کے بعد اس کا کیا بنے گا، ان بھائی صاحب کو رٹائرمنٹ کے بعد پنجاب میں ایک نوکری ملی، اس تناظر میں عمران خان نے بات کی ہے، بحیثیت ادارہ بات نہیں کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ایم ایم اے میں اس وقت جو جماعتیں شامل ہیں ان کے کسی لیڈرکا نام پاناما لیکس میں شامل نہیں ہے، کسی لیڈر کا نام قرضہ لینے والوں یا ہڑپ کرنے والوں میں نہیں ہے، کوئی اس طرح کا اسکینڈل یا کیس نہیں ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل اورکرم ہے کہ وہ یا ان کے کارکنوں یا ان کے ساتھیوں نے نیب کا دروازہ بھی نہیں دیکھا ہے۔

 
Load Next Story