ورلڈٹوئنٹی20بھارتی اسکواڈ میں یوراج سنگھ کی شمولیت

ہربھجن سنگھ کابھی انتخاب،سلیکٹرزنے لکشمن کوٹیسٹ میں ایک اورموقع فراہم کردیا

ورلڈٹوئنٹی20:بھارتی اسکواڈ میں یوراج سنگھ کی شمولیت (فوٹو فائل)

بھارت نے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے اسکواڈ میں بیٹسمین یوراج سنگھ کو بھی شامل کرلیا،گذشتہ برس ون ڈے ورلڈکپ کے مین آف دی ٹورنامنٹ نومبر میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے، انھوں نے آخری مرتبہ نومبر 2011 میں ہی بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد علاج کیلیے امریکا چلے گئے تھے، سلیکٹرز نے یوراج کی فٹنس رپورٹس کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد انھیں منتخب کرنے کا فیصلہ کیا، وہ ستمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی حصہ لینگے،آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو بھی ٹیم میں واپس لایاگیا۔


ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے اعلان شدہ اسکواڈ میں مہندرا سنگھ دھونی( کپتان)، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، ویرت کوہلی، یوراج سنگھ، سریش رائنا، روہت شرما، منوج تیواری، آر ایشون،ظہیر خان، عرفان پٹھان، پیوش چاولا، ہربھجن سنگھ، اشوک ڈینڈا اور ایل بالاجی۔ دریں اثنا یوراج سنگھ نے کہا کہ اپنے انتخاب پر انھیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے پہلی بار قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

علاوہ ازیں بھارتی سلیکٹرز نے مسلسل ناکام رہنے والے وینکٹ لکشمن کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور موقع فراہم کردیا، تجربہ کار بیٹسمین کو نیوزی لینڈ کیخلاف دو میچزکی ہوم سیریز کے اسکواڈ کا حصہ بنالیاگیا، چتیسور پجارا کی19 ماہ بعد ٹیم میں واپسی ہوگئی، دیگر منتخب پلیئرز میں کپتان دھونی کیساتھ سہواگ، گمبھیر، ٹنڈولکر، لکشمن، پجارا، کوہلی، روی چندرن ایشون، ظہیر، اوجھا، امیش یادیو، اجنکیا راہنے، پیوش چائولہ، ایشانت شرما اور سریش رائنا شامل ہیں۔
Load Next Story