عمران اور زرداری مجھے شکست نہ دے سکے تو چور دروازے سے نااہل کرادیا نواز شریف

میری نااہلی کے فیصلے کو بدلنے کا ایک ہی راستہ ہے پارلیمنٹ میں اس قانون کو تبدیل کردو، نواز شریف

آئندہ انتخابات میں دونوں کو شکست دیں گے، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران زرداری 2013 میں مجھے شکست نہ دے سکے تو چور دروازے سے نااہل کرادیا۔

مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ راستے میں شاہ مقصود سے حویلیاں اور پھر ایبٹ آباد مانسہرہ تک پرانا پاکستان دیکھا، یہ کہتے تھے ہم نیا خیبر پختون خوا اور پاکستان بنائیں گے لیکن راستے میں کہیں نیا پاکستان نظر نہیں آیا، راستے میں جگہ جگہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر دیکھے تاہم اگر خیبرپختون خوا شہباز شریف کے پاس ہوتا تو یہاں کا نقشہ ہی بدل چکا ہوتا، جاکر پنجاب کو دیکھیں جہاں نیا پاکستان نظر آتا ہے لیکن کے پی اور سندھ میں وہی پرانا پاکستان نظر آتا ہے۔

اگر خیبرپختونخوا شہباز شریف کے پاس ہوتا تو اسکا نقشہ ہی بدل چکا ہوتا،نوازشریف


نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاڈلا روز الزامات لگاتا ہے اور 4 سال سے دھرنے دیتا رہا ہے لیکن اب پاکستانی قوم عمران خان کو رد کرچکی ہے جب کہ آصف زرداری کے ساتھ بھی نواز شریف کا مقابلہ نہیں ہے،2013 میں آصف زرداری اور عمران خان شکست نہیں دے سکے تو چور دروازے سے مجھے نا اہل کروایا دیا تاہم آئندہ انتخابات میں دونوں کو شکست فاش دیں گے، 2018 میں اور بھی ووٹ ملیں گے۔

آئندہ انتخابات میں زرداری اور عمران خان کو شکست فاش دیں گے، قائد مسلم لیگ (ن)



سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے خود کہہ دیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کمزور ہے، عمران جو آف شور کمپنیوں کا مالک ہے اس کو ججوں نے کہہ دیا ہے کہ تم صادق اور امین ہو، اس فیصلے کو بدلنا ہے تو اسکا ایک ہی راستہ ہے، اس فیصلے کو ہمیں اسمبلی میں لے جاکر بدلنا ہوگا اور اس کے لیے مجھے آپ کا ووٹ چاہیے۔

عمران خان نے خود کہہ دیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کمزور ہے، نوازشریف


مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے کہا کہ یہ ملک چند لوگوں کی جاگیر نہیں، یہ 22کروڑ عوام کی جاگیر ہے اور یہ22 کروڑ لوگ کسی کے نوکر نہیں ہیں، یہ بھی اتنے ہی عزت دار ہیں جتنے 5 جج صاحبان ہیں، کوئی آپکا سر نہیں جھکاسکتا، میں نے ان لوگوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا ہے مجھے یقین ہے کہ قوم میرے ساتھ سر اٹھا کر چلے گی اور ایسی طاقتوں کو شرمناک شکست سے دوچار کرے گی۔

ملک چند لوگوں کی جاگیر نہیں، یہ 22کروڑ عوام کی جاگیر ہے، قائد مسلم لیگ (ن)


نواز شریف نے کہا کہ یہ لوگ میرے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں کہ نواز شریف کو گرفتار کرو اور جیل میں ڈالو تاہم پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر کریشن کو کوئی الزام نہیں، نواز شریف کو کرپشن میں گڑبڑ میں پکڑا ہوتا تو بات بھی تھی لیکن انہوں نے پکڑا تو بیٹے سے تنخواہ لینے پر۔

یہ لوگ میرے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں، نوازشریف


نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں حاجیوں کو لوٹا گیا لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا، نواز شریف کے پیچھے سب پڑے ہوئے ہیں لیکن آپ ان سب کے پیچھے پڑ جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کرنے والے لوگ ان کو پسند نہیں ہیں، 70 سال سے یہی تماشا اس ملک میں ہوتا رہا ہے کسی وزیراعظم کو مدت پوری کرنے نہیں دی گئی۔

70 سال سے تماشا ہوتا رہا ہے کسی وزیراعظم کو مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، نوازشریف

Load Next Story