خام تیل کی مقامی پیداوار کا ہدف 335ملین بیرل مقرر

آئندہ مالی سال میں گیس کی پیداوارکاتخمینہ1.473ٹریلین کیوبک فٹ،90کنویں کھودے جائیں گے

اوگرا نے10نئے آئل اسٹوریجزکی بھی منظوری دیدی،3لاکھ ٹن پٹرول،4.5لاکھ ٹن ڈیزل ذخیرہ کیاجاسکے گا،دستاویز۔ فوٹو: فائل

ملک میں آئندہ مالی سال 2018-19 کے دوران تیل و گیس کی تلاش کے لیے 90 کنویں کھودے جائیں گے اور مقامی سطح پر تیل کی پیداوار کا ہدف 33.50 ملین بیرل لگایا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق اگلے مالی سال کے دوران تیل وگیس کی تلاش کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے 50 نئے ایکسپلوریٹری کنویںکھودے جائیں گے جبکہ ایک سال کے دوران 40 کنوؤں کو پختہ کیاجائے گا۔ اوگرا نے 10 نئے آئل اسٹوریجز کی تعمیر کی بھی منظوری دے دی ہے جن میں 3 لاکھ 4 ہزار 445 میٹرک ٹن پٹرول اور 4 لاکھ 46 ہزار 335 میٹرک ٹن ڈیزل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہوگی۔

آئندہ مالی سال کے دوران بھی تیل وگیس کے شعبے میں طلب و رسد کے درمیان پائے جانے والے فرق کو خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات سے ہی پورا کیا جائے گا۔ اگلے مالی سال کے دوران مقامی سطح پر تیل کی پیداوار کا تخمینہ 33.50 ملین بیرل اور قدرتی گیس کی پیداوار کا تخمینہ 1.473 ٹریلین کیوبک فٹ لگایا گیا ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال کے دوران ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایل این جی کی درآمد کا تخمینہ 9 ملین ٹن لگایا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق 2018-19 کے دوران 10 نئی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ملک میں سرگرمیاں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ اوگرا نے ایل پی جی گیس کے شعبے لیے 33 نئے لائسنسوں کی تجویز دی ہے جس میں سے 25 لائسسنز آپریشنز اور ایل پی جی اسٹوریجز کی مارکیٹنگ اور فلنگ کے لیے ہیں۔


آئندہ مالی سال کے دوران سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے زیر انتظام علاقوں میں صارفین کو 11 لاکھ 21 ہزار 295 نئے کنکشنز دیں گی اور اپنے اپنے علاقوں میں گیس کی ترسیل اور تقسیم کے لیے 12 ہزار 898 کلومیٹر لمبی نئی لائنیں بچھائی جائیں گی۔ دستاویزکے مطابق سوئی ناردرن نے ایل این جی کی ترسیل کے لیے نئی پائپ لائین بچھائے گی جن سے 1.2بی سی ایف ڈی گیس کی ترسیل کی استعداد کار ہوگی اور یہ منصوبہ 2019 میںمکمل ہوگا۔

دستیاب دستاویز کے مطابق سوئی ناردرن گلگت اور چترال میں ایل پی جی ایئرمکس کے 3 پلانٹس کی تعمیر کرے گی جبکہ سوئی سدرن بلوچستان میں ایل پی جی ایئیر مکس کے 30 پلانٹس تعمیر کرے گی۔ پا ک عرب ریفائنری لمیٹڈ نے پارکوکوسٹل ریفائنری کے قیام کی تجویز دی ہوئی ہے جس کی صلاحیت 2 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ ہوگی۔ اس منصوبے پر 5 ارب ڈالر تک کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہ منصوبہ 2023میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

آئندہ سال کے دوران جیالوجیکل سروے آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں درہ آدم خیل کے مقام پر کوئلے کی تلاش کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔

 
Load Next Story