بیریئرز ہٹانے سے چوری چکاری اورلوٹ ماربڑھ گئی الطاف حسین

سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں رینجرز نے پرامن علاقوں سے بیریئرز ہٹادیے ہیں، قائد متحدہ

سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں رینجرز نے پرامن علاقوں سے بیریئرز ہٹادیے ہیں، قائد متحدہ۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے نوگو ایریازکے خاتمے کے حکم کی آڑمیں رینجرزنے کراچی کے پرامن علاقوں سے ان بیریئرز کوبھی ہٹادیاہے جواہل محلہ کے بزرگوں کی اجازت سے نصب کیے گئے تھے جس کے باعث ان علاقوں میں دوبارہ سے خواتین سے پرس،زیورات،موبائل فون چھیننے اورپرامن علاقوں میں گھس کر بھتہ لینے اوراسلحہ کے زورپرچوری چکاری کے واقعات میں اضافہ ہوگیاہے۔

بدھ کوخورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ بیریئرزہٹانے اورچوری چکاری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہری انتہائی پریشان،خوفزدہ اورسہمے سہمے رہنے پر مجبورہیں۔انھوں نے نگراں حکومت سے کہاکہ وہ فی الفور حکومتی سطح پر رینجرز،پولیس کے علاوہ اعلیٰ حکام اور دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں پرمشتمل ایک سیل تشکیل دے جہاں اہل محلہ اورعوام اپنی مددآپ کے اصول کے تحت جرائم پیشہ عناصرکواپنے علاقوں میں داخلے سے روکنے کیلیے بیریئرزلگانے کے اجازت نامے حاصل کرسکیں جبکہ اس سیل کے ارکان جس محلے سے بیریئرزلگانے کی درخواست موصول ہووہاں جاکرخودبھی تصدیق کر سکتے ہیں۔




الطاف حسین نے گورنرعشرت العباداورنگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیاکہ شہریوں کو خوف وہراس کے ماحول سے نجات دلائی جائے۔ ایک اوربیان میں الطاف حسین نے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمافاروق خان کی گاڑی کودہشت گردوں کی جانب سے ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی ہے۔الطاف حسین نے صدرزرداری،وزیراعظم میرہزارکھوسو،نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب اور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواسے مطالبہ کیا کہ فاروق خان کی گاڑی کوریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ۔
Load Next Story