اسماعیل قریشی نے حج اسکینڈل کا ملبہ یوسف گیلانی پرڈال دیا

سابق وزیراعظم نے تقرریوں کے معاملے میں میرے مشورے کونظراندازکردیاتھا،ایف آئی اے کوبیان

سابق وزیراعظم نے تقرریوں کے معاملے میں میرے مشورے کونظراندازکردیاتھا،ایف آئی اے کوبیان فوٹو: ایکسپریس

سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی نے اربوں روپے کے حج اسکینڈل سے اپنے آپ کوبے قصور قراردیتے ہوئے سارا ملبہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پرڈال دیا ہے اورمؤقف اختیارکیاہے کہ راؤشکیل کی بطورڈائریکٹرجنرل حج غیر قانونی تقرری یوسف رضاگیلانی کے حکم پرکی گئی تھی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق اسماعیل قریشی نے ایف آئی اے کوبیان دیتے ہوئے تفتیش کارخالدقریشی کوبتایاکہ سابق وزیراعظم نے راؤشکیل و زین سکھیرا جیسے لوگوں کی تقرریوں کے معاملے میں ان کے مشورے کو نظراندازکردیا تھا۔ زین سکھیرا یوسف رضاگیلانی کے بیٹے عبدالقادرگیلانی کا فرنٹ مین تھا۔ ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کوملنے والی معلومات کے مطابق اسماعیل قریشی کنفیوژن پیدا کرنے کیلیے بارباراپنا بیان بدلتے رہے۔تفتیش کارخالدقریشی نے بتایاکہ اسماعیل قریشی جنھیں 15 اپریل کوطلب کیاگیاتھا اب تفتیشی عمل میں شامل ہوگئے ہیں،پیر کو ان کا لیاجانے والا بیان ابتدائی نوعیت کا تھا۔

تاہم انھوں نے تفتیشی عمل کی تفصیلات بتانے سے انکارکردیا۔خالدقریشی گریڈ19 کے افسرہیں اوران دنوں ایف آئی اے میں بطورڈپٹی ڈائریکٹرکام کررہے ہیں۔اسماعیل قریشی نے سپریم کورٹ میں گزشتہ سماعت کے دوران بتایاتھا کہ اس کیس کی تفتیش حسین اصغرسے واپس لے کرکسی دوسرے افسرکودی جائے۔عدالت نے ان کی استدعاقبول کرلی تھی اوراب خالدقریشی اس کیس کی تفتیش کررہے ہیں۔اسماعیل قریشی نے بتایاہے کہ انھوںنے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کوتحریری طورپربتایاتھاکہ راؤشکیل کے خلاف ریکارڈمیں ردوبدل کا ایک ریفرنس نیب میں موجودہے ،اس کی بطورڈی جی حج تقرری قواعد کے خلاف ہوگی۔




وزیراعظم گیلانی نے اس پرتوجہ نہ دی اورراؤشکیل کی جدہ میں بطورڈی جی حج تقرری کردی۔انھوںنے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں زین سکھیرا کی مطلوبہ تعلیمی قابلیت کے بغیرہیبطورایڈوائزر تقرری کا ذمہ داربھی وزیراعظم گیلانی کوقراردیاہے ۔اسماعیل قریشی کا یہ بیان حقائق سے میل نہیں کھاتاکیونکہ ایسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام ایف آئی اے کے تفتیش کارکواپنے تحریری بیان میں بتاچکے ہیں کہ اسماعیل قریشی نے اس معاملے میں حقائق چھپائے تھے۔

انھوںنے اپنی سمری میں نہیں بتایاتھاکہ راؤشکیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجودہے یا ان کے خلاف نیب میں مقدمہ چل رہا ہے لہذا ان کی تقرری نہ کی جائے۔اسی طرح انھوں نے زین سکھیرا کے وزارت آئی ٹی میں بطورایڈوائزر تقررکیلیے بھی ایک صفحے کی سمری وزیراعظم کوبھیج دی حالانکہ زین سکھیرا ان پڑھ تھا۔بعد ازاں ان کی تقرریوں کا سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیااورتقرریاں منسوخ کردی گئیں۔
Load Next Story